لاہور: 55 لاکھ سے زائد کے ڈاکے‘ قصور میں مبینہ پولیس مقابلہ‘ 2 ڈاکو ہلاک
لاہور + فیروز والا + مانگا منڈی + قصور (نامہ نگار + نمائندگان) ڈاکوئوں اور چوروں نے متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈیفنس بی کے علاقے میں فراز کے گھر سے ڈاکوؤں نے 10 لاکھ کی نقدی‘ طلائی زیورات اور دیگر سامان لوٹ لیا‘ نشتر کالونی میں شریف کے گھر سے 8 لاکھ کے طلائی زیورات‘ نقدی اور دیگر قیمتی سامان‘ لوئر مال میں تنویر سے 7 لاکھ نقدی اور موبائل فون،لوہاری کے علاقہ میں شاہد اور اس کی فیملی سے اسلحہ کے زورپر 6لاکھ کی نقدی طلائی زیورات اور موبائل فون ، نولکھا میں ڈاکوئوں نے رضوان اور اس کی فیملی سے 5 لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون، باغبانپورہ میں عمران اور آصف سے ساڑھے 4لاکھ روپے کی نقدی اور موبائل فون، وحدت کالونی میں سجاد اور اس کی فیملی سے 4 لاکھ کی نقدی‘ موبائل فون‘ شادمان میں سلیم اور اس کی فیملی سے 2 لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات‘ موبائل فون، وحدت کالونی کے علاقہ میں رابعہ سے 50 ہزار اور موبائل فون، ہنجروال میں عدنان سے 40 ہزار اور موبائل فون، ستوکتلہ میں رضا سے 25 ہزار اور موبائل فون‘ لیاقت آباد کے علاقے میں فیاض سے 30 ہزار اور موبائل فون‘ ڈیفنس اے کے علاقے میں سرفراز سے 60 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے ڈیفنس میں گھر سے 13لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان چوری کر لیا۔ ستوکتلہ کے علاقہ ویلنشیاء ٹاؤن میں سابق کرکٹر عاصم خان عاصم کے گھر سے چور 5 لاکھ کے طلائی زیورات‘ نقدی اور دیگر سامان چوری کرکے فرار ہو گئے۔ چوروں نے اسلام پورہ‘ شادمان‘ کاہنہ کے علاقوں سے 4 کاریں جبکہ وحدت کالونی‘ گوالمنڈی، ہربنس پورہ، نواں کوٹ، لوئر مال، بھاٹی گیٹ، ٹاون شپ اور شفیق آباد کے علاقوں سے 8 موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ فیروزوالا میں تھانہ اے ڈویژن کے علاقے میں ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر بنک سے رقم لے کر آنے والے شہری فرخ سے 80 ہزار اور موبائلق ندیم کے گھر سے ساڑھے تین لاکھ روپے کا سامان جبکہ چار افراد واجد علی اور یوسف وغیرہ کی موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔ مریدکے میں ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل اور مانگا منڈی میں 5 ڈاکوؤں نے روک کر لوٹ لیا۔ گھر میں گھس کر موجود 2 خواتین کو جان سے مارنے کی دھمکی دیکر 3لاکھ روپے نقدی اور 8 تولے طلائی زیورات اور ایل سی ڈی لوٹ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ دوسری طرف قصور میں پنجاب کے 11 اضلاع میں بس ڈکیتیوں، راہزنی، قتل کی ڈیڑھ درجن سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث دو خطرناک ڈاکو تنویر عرف تنویری اور محسن عرف محسنی پتوکی کے علاقہ پل ڈنڈیانوالا کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ شب ایڈووکیٹ عبدالرزاق بھٹی کار پر پھولنگر سے پتوکی جا رہا تھا‘ نے 15پر پولیس کو اطلاع دی کہ سینچری پیپر مل کے قریب دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار ڈاکو ایک مسافر بس کولوٹنے کی غرض سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں اور فائرنگ کرتے ہوئے کوسٹر کا پیچھا کر رہے ہیں۔ پل ڈنڈیانوالا پر پولیس نے انہیں رکنے کا اشار ہ کیا تو ملزمان نے رکنے کی بجائے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور موقعے سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے ملزمان کا تعاقب جاری رکھا ایک کلومیٹر کے فاصلہ پر پولیس کو دو ملزمان شدید زخمی حالت میں ملے جو دو طرفہ فائرنگ سے زخمی ہوئے جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ زخمی ڈاکوئوں نے اپنا نام تنویر عرف تنویری اور محسن عرف محسنی بتایا زخمی ڈاکوئوں کے قریب سے دو پسٹل اور ایک موٹرسائیکل برآمدہوئی دونوں کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ راستہ میں ہی ہلاک ہوگئے۔