• news

جنیدجمشید نیک انسان تھے‘ ہمیشہ یاد آئیں گے‘ لوگوں کے تاثرات

لاہور (کلچرل رپورٹر) جنید جمشید کے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے پر سیاسی‘ سماجی اور شوبز حلقوں میں گہرے رنج وغم کا اظہار کیا جارہا ہے۔ گلوکار ابرارالحق‘ شہزاد رائے‘ جواد احمد‘ نجم شیراز‘ انور رفیع‘ موسیقار ساحرنے بھی انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گلوکاری بھی اچھی کی اور اسے چھوڑ کر نعتیں بھی بہت اچھی پڑھیں‘ وہ بہت نیک انسان تھے۔ ان کی شخصیت میں بڑی کشش تھی‘ وہ ہر اچھے کام کی تائید کرتے اور برے کاموں سے روکتے اور اسلام کی تبلیغ کرتے۔ انہوں نے کبھی کسی کے خلاف بات نہیں کی۔ ان کی تبلیغ کی طرف آنے سے پہلے اور بعد کی زندگی میں بطور انسان کوئی فرق نہیں تھا۔ وائٹل سائنز کے دور کے ساتھی اور بعد میں جنون بینڈ تشکیل دینے والے سلمان احمد نے ٹویٹر پر لکھا‘ نیویارک میں ایک طیارے پر سوار ہونے کے بعد یہ خبر ملی۔ ماہرہ خان نے لکھا‘ دل اتنی زندگیوں کے نقصان پر خون کے آنسو رو رہا ہے‘ ہم نے ایک اور آئیکون کھو دیا۔ قرۃ العین بلوچ نے ٹویٹ کیا’’جنید جمشید ہمیں چھوڑ کر چلے گئے‘ جس سے شاک لگا اور دل ٹوٹ گیاہے‘‘پاکستان کے سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے میسج کیا ’’میرا دل پی آئی اے کے طیارے کے حادثے پر اداسی سے ڈوب رہا ہے‘‘ فخرعالم کے مطابق اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ میرے دوست اور پڑوسی جنید جمشید بھی اس بدقسمت پرواز میں موجود تھے ’’ہر دل دل پاکستان آج اداس ہوگیا‘‘ ہمارا ایک دوست ہم سے جدا ہوگیا۔ جنید جمشید ہمیشہ ایک پاکستانی آئیکون رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن