• news

عمران‘ شیخ رشید کی جھوٹ کی سیاست کا جنازہ عدالت عظمیٰ سے نکلے گا‘ عابد شیر علی

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) پانامہ لیکس کیس کی سماعت کے بعد وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے شروع کی گئی یہ جنگ جھوٹ اور سچ کی ہے ، جو سچ بولے گا وہ کامیاب ہوگا اور جو جھوٹ بولے گا اس کی جھوٹی سیاست کا سپریم کورٹ میں جنازہ نکلے گا عمران خان اور شیخ رشید کی جھوٹ کی سیاست کا جنازہ عدالت عظمیٰ سے نکلے گا، عمران خان کا جھوٹ پوری قوم نے دیکھ لیا اور بہت جلد شیخ رشید کی جھوٹی سیاست کا پول بھی کھل جائے گا۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم پانامہ کیس میں ملزم نہیں ، سپریم کورٹ نے بھی اس بات کو تسلیم کیا ،ہم نے کیس کی کارروائی کے آغاز پر پہلے دن ہی کہا تھا کہ اس کیس میں وزیر اعظم کا نام شامل نہیں ہے ، اس بات کا اعتراف پاناما نے بھی کیا ،ہم چاہتے ہیں کہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو ،طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ عدالت نے بھی تسلیم کیا ہے کہ مریم نواز وزیر اعظم کی زیر کفالت نہیں ہیں ، وہ ان کے ساتھ ضرور رہتی ہیں مگر وزیر اعظم ان کی کفالت نہیں کر رہے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ جمائمہ سے پیسے لے کر ہسپتال کی زمین خریدی جبکہ جمائمہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی عمران خان کو ہسپتال کی زمین خریدنے کیلئے پیسے نہیں دیئے۔ طلال چودھری نے کہا کہ خان صاحب ہم آپ کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ کھینچ کھینچ کر سپریم کورٹ لائیں گے۔ انوشہ رحمان نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عدالت عظمیٰ میں انصاف کی جیت ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن