جعلی وفاقی وزیر بن کر لوگوں کو لوٹنے والا گرفتار
لاہور (خبرنگار) ایف آئی اے لاہور نے جعلی وفاقی وزیر بن کر سادہ لوح افراد کو بے وقوف بنانے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کرائم سرکل لاہور کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفتاب بٹ اور انسپکٹر اسد علی نے نابھہ روڈ پر جعلی وفاقی وزیر سلامت علی چوہان کے دفتر پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کرلیا۔ سلامت علی چوہان نے وزارت فنانشل، کریمنل اینڈ کنزیومر افیئرز کا دفتر کھول رکھا تھا۔ اس نے دفتر میں سینئر وفاقی وزیر کا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا نوٹیفکیشن بھی آویزاں کر رکھا تھا اور لوگوں کو ’’مسائل‘‘ حل کروانے کے نام پر لوٹنے کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔