ملتان میں انضمام الحق کے نام سے ہائی پرفارمنس سنٹر کا افتتاح
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ملتان میں سابق کپتان انضمام الحق کے نام سے ہائی پرفارمنس سنٹر کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر ایبٹ آباد میں پاکستان ائر لائن کے طیارہ کے حادثہ میں گہرے دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے برابر شریک ہیں۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سبحان احمد، چیف سلیکٹر انضمام الحق، مدثر نذر ڈائریکٹر اکیڈمیز، علی ضیا، مشتاق احمد، ٹیسٹ کرکٹر شبیر احمد، منظور الہی، ظہور الہی، مرحوم عامر بشیر کے بیٹے ملک بیشر، ریجنل کوچز و دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بڑی خوشی ہے کہ انضمام الحق کے نام سے ہائی پرفارمنس سنٹر کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ سنٹر کے قیام سے جنوبی پنجاب کے کھلاڑیوں کو پروفیشنل کوچز کی زیر نگرانی تربیت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ بورڈ کی کوشش ہے کہ دور افتادہ علاقوں میں ہائی پرفارمنس سنٹر قائم کر کے وہاں کے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے۔ ملتان کے بعد جلد کراچی میں ایسے سنٹر کا افتتاح کیا جائیگا۔