پاکستانی بیٹنگ پھر نا کام اننگز 208 تک محدود آسٹریلوی الیون کے 3 زنز کلاڑیآئوٹ
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ میں بھی پاکستانی بلے بازوں کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ نہ تھم سکا اور پوری ٹیم 208 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی لیکن باؤلرز عمدہ باؤلنگ سے ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے‘پہلے دن 14وکٹیں گر گئیں۔ مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ 50 رنز پر تین پاکستانی کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، سمیع اسلم دس، اظہر علی 23 اور بابر اعظم 16 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔مصباح الحق اور یونس خان پر مشتمل جوڑی نے 38 رنز ہی جوڑے تھے کہ کپتان 20 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔اسد شفیق 18 رنز ، یونس خان 54 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔سرفراز اور وہاب ریاض نے آٹھویں وکٹ کیلئے 24 رنز جوڑ کر ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی لیکن وکٹ کیپر بلے باز روایتی جلد بازی میں وکٹ دے بیٹھے جبکہ وہاب نے 16 رنز بنائے۔پاکستان کی پوری ٹیم ناتجربہ کار باؤلنگ لائن اپ کے خلاف 208 رنز بنا کرآئوٹ ہو گئی۔ کیمرون ویلانٹے نے چار اور مارک سٹیکیٹی نے تین وکٹیں لیں۔ پاکستانی باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ سے بیٹنگ لائن کی ناکامی کا ازالہ کردیا۔محمد عامر نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر جمی پیئرسن کی وکٹیں بکھیر دیں اور اگلی ہی گیند پر ولیم بوسسٹو بھی پویلین چلتے بنے۔اگلے اوور میں بھی میزبان ٹیم کا کھاتا کھلا بھی نہ تھا کہ راحت علی نے جیک کارڈر کو قابو کر لیا۔سکور تین رنز تک ہی پہنچا تھا کہ محمد عامر نے جیک ونٹر کی وکٹیں بکھیر کرچوتھی کامیابی دلائی۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو کرکٹ آسٹریلیا نے چار وکٹ کے نقصان پر تین رنز بنائے تھے۔محمد عامر نے تین‘ راحت علی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔