• news

سی پیک میں دلچسپی رکھنے والے تمام ممالک شریک ہو سکتے ہیں‘ طارق فاطمی: پاکستان بھارت مذاکرات کریں‘ حکام اقوام متحدہ

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہاہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں، پوری دنیا نے پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کو سراہا ہے۔ دہشتگردی کے حوالے سے پاکستانی افواج اور عوام کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ یونائیٹڈ سٹیٹس انسٹیٹیوٹ آف پیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال میں پاکستان نے معاشی اور اقتصادی ترقی میں بہت سے سنگ میل عبور کیے ہیں۔ 2013 سے اب تک پاکستان کے قبائلی علاقوں میں معاشی اور سماجی ترقی کے بارے میں عالمی اداروں نے ہماری کوششوں کو تسلیم کیا۔ انہوں نے خارجہ پالیسی کے ماہرین اور امریکی حکومتی نمائندوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ تین برسوں میں بجلی کے بحران پر بہت حد تک قابو پایا جا چکا ہے۔ سی پیک سے صرف پاکستان میں نہیں بلکہ پورے خطے میں خوشحالی آئے گی۔ انوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دلچسپی لینے والے تمام ممالک کے لیے کھلا ہے شامل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے غلط فہمیوں کو مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات مضبوط ہیں اور دونوں ممالک مل کر مختلف شعبوں میں کام کررہے ہیں۔ امید ہے ٹرمپ حکومت بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوطی اور مستحکم کرنے کیلئے ساتھ کام کرے گی۔ طارق فاطمی سے ملاقات میں اقوام متحدہ کی قیادت نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی پر زور دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طارق فاطمی نے اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جین الیسَن، انڈر سیکرٹری جنرل برائے سیاسی امور جیفری فیلٹ مین اور نامزد سیکرٹری جنرل آنٹوریو گوٹیریس سے ملاقات کی۔ مزید تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جین الیسَن نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان کی تعریف بھی کی۔ طارق فاطمی نے امید ظاہر کی کہ آنٹوریو گوٹیرس کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون بڑھے گا۔ طارق فاطمی نے نیویارک میں امریکی حکام اور عرب سفارتکاروں کے گروپ سے بھی ملاقات میں کی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن