• news

آزاد کشمیر جاتے ہوئے وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کی مری لینڈنگ، بغیر پروٹوکول گورنمنٹ ہاؤس پہنچے، غیر معیاری تعمیراتی کام پر اظہار برہمی

مری (نامہ نگار خصوصی) جمعرات کو وزیراعظم نواز شریف ہیلی کاپٹر میں اسلام آباد سے آزاد کشمیر جاتے ہوئے موسم کی خرابی کے باعث اچانک ہی گھڑیال ہیلی پیڈ اترے۔ اس دوران وہ بغیر کسی پروٹوکول کے جھیکا گلی کے راستے جب کشمیر پوائنٹ پر واقع گورنمنٹ ہائوس میں پہنچے تو مقامی انتظامیہ اور پولیس کی دوڑیں لگ گئی۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر مسعود احمد خان، سابق گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب احمد خان، وفاقی وزراء خرم دستگیر خان، برجیس طاہر، وزیراعظم کے سیاسی مشیر ڈاکٹر آصف کرمانی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم مری آمد کے موقع پر انتہائی خوشگوار موڈ میں تھے انہوں نے جب اپنی اچانک آمد کے دوران گورنمنٹ ہائوس کشمیر پوائنٹ میں زیر تعمیر ہال سمیت دیگر تعمیرات کا معائنہ کیا تو وہ غیر معیاری کام پر سخت برہم ہو گئے اور کہا کہ وہ عوام کے خون پسینے کی کمائی کو کسی صورت بھی مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ تعمیراتی کام کرنے والے ذمہ داران کو فوری طور پر اسلام آباد طلب کر لیا جن سے جمعہ کے روز اس سلسلے میں برتی جانے والی کوتاہی کا جواب طلب کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن