حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں فنی خرابی تھی،آخری پرواز کے بعد کپتان نے لاگ بک میں بھی لکھا پھر بھی چترال بھجوا دیا گیا: ذرائع
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حادثہ کے شکار طیارے کے پہلے سے فنی خرابی کے شکار ہونے کا انکشاف ہوا ہے‘ فنی خرابی کے باوجود طیارے کو اگلی پرواز پر چترال بھیج دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کیپٹن نے سنگین فنی خرابی کو لاگ بک میں تحریری بھی کیا تھا۔ طیارے کو کیپٹن اظہرخان اڑا رہے تھے۔ طیارے نے آخری پرواز اسلام آباد سے گلگت کی تھی جس دوران ایک انجن الٹا گھومنے لگا تھا۔ گلگت سے اسلام آباد آتے ہوئے طیارے کی پاور کم کرنے پر انجن الٹا گھومنے لگا تھا۔ فنی خرابی کی نشاندہی کے باوجود طیارے کو اگلی پرواز پر چترال بھیج دیا گیا۔ پرواز 661 کے کیپٹن اظہر نے شام 4بجکر 9منٹ تک اپنی بلندی برقرار رکھی ‘ 4بجکر 13منٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرولر سے نیچے آنے کی اجازت مانگی گئی۔ ماہرین کے مطابق ممکنہ طور پر پاور کم کرنے پر طیارے کا انجن الٹا گھوما‘ اسی وقت کیپٹن جنجوعہ نے انجن میں خرابی کی اطلاع دی ہوگی۔ فوراً بعد ہی ایئر ٹریفک کنٹرولر نے مے ڈے کی آخری کال سنی، ممکنہ طور پر الٹے گھومتے انجن کے ساتھ نیچے آتا طیارہ بے قابو ہوا۔