• news

بڑھتا تعاون‘ پاک بحریہ کا جنگی جہاز روس پہنچ گیا‘ پرتپاک خیرمقدم‘ مشترکہ مشق میں حصہ لے گا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان اور روس کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھ رہا ہے اور اسی سلسلہ میں پاک بحریہ کا جنگی جہاز پی این ایس عالمگیر روس کے خیرسگالی دورے پر بحر اسود میں روس کی بندرگاہ نووورو سیاسک پہنچ گیا ہے جہاں روسی شہریوں اور روسی بحریہ کے حکام نے پاکستانی جنگی جہاز کا پرتپاک خیرمقدم کیا ہے۔ نوورو سیاسک نیول بیس کے ڈپٹی کمانڈر اور ماسکو میں پاکستان کے دفاعی اتاشی نے پی این ایس عالمگیر کا استقبال کرنے والوں میں شامل تھے۔ پی این ایس عالمگیر کی بندرگاہ آمد کے موقع پر روائتی استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں روس کی بحریہ کے دستے نے حصہ لیا جبکہ ملٹری بینڈ نے مختلف مسحور کن دھنیں بجائیں۔ ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (پرنسیل) ریئر ایڈمرل محمد فیاض جیلانی نے پاک بحریہ کی نمائندگی کی۔ تقریب میں مقامی میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے تقریب کے آخر میں ریئر ایڈمرل جیلانی اور جہاز کے کمانڈنگ آفیسر سے بات چیت کی۔ بندرگاہ کے خیرسگالی دورے کے بعد پی این ایس عالمگیر روس کی بحریہ کے جہازوں کے ساتھ مشترکہ مشق میں بھی حصہ لے گا۔

ای پیپر-دی نیشن