• news

لاہور سمیت میدانی علاقوں میں شدید دھند، ائرپورٹ، موٹروے، لیسکو کے 20 گرڈ سٹیشن بند

لاہور (سپورٹس رپورٹر + نیوز رپورٹر) لاہور سمیت ملک کے بعض میدانی علاقے گذشتہ روز شدید دھند کی لپیٹ میں رہے جس کے باعث معولات زندگی متاثر ہوئے۔ ٹریفک کی سست روانی کے باعث بچوں کو سکول و کالج جبکہ نوکری پیشہ افراد کو اپنے دفاتر جانے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ شدید دھند کے باعث نہ صرف بجلی کی سپلائی معطل ہوئی بلکہ علامہ اقبال ائر پورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت اور لاہور اسلام آباد موٹر وے کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ لاہور میں دھند چھانے کا سلسلہ جمعرات کی رات سے ہی شروع ہوا پندرہ سے زائد ملکی و غیر ملکی پروازیں معطل کی گئیں اور کئی پروازوں کو دوسرے شہروں میں اتارا گیا۔ گزشتہ روز دھند کم ہونے پر ائیر پورٹ کو دوپہر ایک بجے کھول دیا گیا ۔ لاہور اسلام آباد موٹر وے سات گھنٹے بند رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ تا پیر کوئٹہ، ژوب ڈویژن، اسلام آباد اور بالائی پنجاب راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نیو کالاخطائی روڈ پر آلہ پورسیداں کے قریب شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 20 سے زائد مسافر زخمی جبکہ 4 گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ نیوزرپورٹر کے مطابق لیسکو نے فنی خرابی کے باعث 40 میں سے 20 سے زائد گرڈ سٹیشنز بند کردیئے جس کے نتیجے میں آدھے سے زیادہ شہر میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ ڈائریکٹرآپریشنز لیسکونے کہا دھند کی وجہ سے راوی، کوٹ لکھپت اور شالامار آنے والی 220 کے وی اے سپلائی لائن میں خرابی آئی تھی، جس کے باعث گرڈ سٹیشنز بند کیے گئے۔ لاہور میں رواں ہفتے کے دوران دھند اور سموگ سے لیسکو کے گرڈ سٹیشن 11 بار مختلف وقتوں میں بند ہوئے جس کے باعث شہر کا بیشتر علاقہ 10 سے 11 گھنٹے تک بجلی سے محروم رہا۔ لیسکو آپریشن ڈائریکٹر اصغر رضا کی عدم توجہ سے کسی بھی گرڈ سٹیشن کو دھند اور سموگ سے بچانے کے لئے تاحال اقدامات نہیں کئے۔ لاہور میں اقبال ٹائون، راوی روڈ، شالیمار، کوٹ لکھپت، سبزہ زار، اچھرہ، میکلوڈ روڈ، بادامی باغ، شاہدرہ، ٹھوکر نیاز بیگ، جوہر ٹائون، سید پور، ملتان روڈ گرڈ سٹیشن کئی بار بند ہوئے ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق جی ٹی روڈ پر کالا شاہ کاکو سے سادھوکے تک شدید دھند سے حد نگاہ صفر ہوگئی۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے لاہور سے شیخوپورہ اور پنڈی بھٹیاں تک بند کر دی گئی۔ لاہور ائرپورٹ اور گرد و نواح میں دھند کے باعث حد نگاہ صفر رہ گئی۔ ائرپورٹ کھلنے کا فیصلہ 10 بجے ہوگا۔ دبئی سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز کو سیالکوٹ میں اتار لیا گیا جس سے مسافر پریشان ہوگئے اور انہوں نے طیارے سے اترنے سے انکار کر دیا۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق شدید دھند سے مین گرڈ سٹیشن اور فیڈرز میں خرابی کے باعث لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ اور شہر تاریکی میں ڈوبا رہا۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق دھند کے باعث ڈمپر کی موٹرسائیکل رکشہ ٹکر کے نتیجہ میں ڈرائیور عمر جاں بحق ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن