پانامہ ملک کیلئے ٹیسٹ کیس آمریت میں کرپشن کی سرپرستی کی گئی : بلاول
کراچی + لاہور (این این آئی+ خصوصی رپورٹر) بلاول بھٹو زرداری نے پاناما لیکس کو ملک کے لئے ایک ٹیسٹ کیس قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ انسداد رشوت ستانی کے عالمی دن پر پوری قوم کو جمہوری احتساب کے ذریعے کرپشن کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرنا چاہئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ معاشرے کو درپیش دیگر خرابیوں کے ساتھ ساتھ کرپشن کوبھی آمریتی ادوار میں پروان چڑھا کر اس کی سرپرستی کی گئی، مقدس گائے والا سنڈروم اور احتسابی ڈھانچے کو صرف سیاسی انتقام کے لئے استعمال کرنا ہی کرپشن خلاف اقدامات میں رکاوٹ ہیں۔ ہمارے وزیراعظم کے دنیا کے سب سے بڑے کرپشن سکینڈل پاناما لیکس میں ملوث ہونے اورنوازلیگ کی جانب سے پاناماکیس کی انکوائری کے متعلق پاکستان پیپلزپارٹی کے بل کو منظور کرانے میں ٹال مٹول اختیار کرنے پر پوری قوم کو جاگنا پڑے گا، پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کرپشن کے خاتمے کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے اپنے محکمہ انسداد رشوت ستانی کو سختی سے سرگرم کرنے کو سراہا ہے جبکہ دیگر صوبوں میں وہ ہی محکمے غیر سرگرم اور خاموش لگے بیٹھے ہیں‘ کسی مقدس گائے کو بھاگنے کا کوئی راستہ دیئے بغیر تمام اداروں سے ہر قسم کی کرپشن کے خاتمے کے لئے جمہوری احتساب متعارف کرانے کے لئے میرے4مطالبات بھی کافی آگے تک جائیں گے۔ علاوہ ازیں بلاول زرداری نے 4مطالبات پر عملدرآمد کیلئے قائم کمیٹی سے رپورٹ طلب کرلی ہے، بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں حکومت مخالف تحریک کی حکمت عملی بنائی جائے گی۔ کمیٹی 4مطالبات کے حوالے سے 27 دسمبر کو سی ای سی میں رپورٹ پیش کرے گی۔ اگر حکومت کی جانب سے مطالبات ماننے کیلئے اطمینان بخش پیش رفت نہ ہوئی تو حکومت کے خلاف سڑکوں اور پارلیمنٹ کے اندر تحریک چلانے کی منصوبہ بندی کریں گے ۔ علاوہ ازیں پی پی کے مطالبات سے متعلق کمیٹی کا اجلاس 13 دسمبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی صدارت کریں گے۔
بلاول
بلاول