ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں کا احتجاج مکا چوک پر پرچم لہرانے کی کوشش، 5 گرفتار
کراچی (این این آئی + صباح نیوز) ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں کی جانب سے یادگار شہدا پر جانے کی کوشش کو رینجرز نے ناکام بناتے ہوئے لیاقت علی خان چوک پر ایم کیو ایم کا جھنڈا لگانے کی کوشش کرنے والے 5کارکنان کو گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نو دسمبر کو یوم شہدا منانے کی غرض سے شہدا چوک جانے والے خواتین اور مرد کارکنان کو رینجرز حکام نے روک دیا جس کے باعث لیاقت علی خان چوک پر حالات کشیدہ ہوگئے ہیں ایم کیو ایم لندن کے کارکنان نے ایم کیو ایم قائد کے حق میں نعرے بازی شروع کردی۔ مشتعل ہجوم میں شامل چند کارکنان نے لیاقت علی خان چوک پر ایم کیو ایم کا جھنڈا لگانے کی کوشش کی جسے رینجرز نے ناکام بناتے ہوئے پانچ کارکنان کو گرفتار کرلیا ہے۔ مرد کارکنان کی گرفتاری پر خواتین نے احتجاج کیا اس موقع پرخواتین کی رینجرز اہلکاروں سے تلخ کلامی بھی ہوئی خواتین کا موقف تھا کہ اعلی حکام کی جانب سے انہیں لیاقت چوک کے اطراف قرآن خوانی کی اجازت دی گئی تھی لیکن دوران قرآن خوانی رینجرز نے دھاوا بول کر ہمارے کارکنان کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب رینجرز افسر بریگیڈیر نسیم نے میڈیا کو بتایا کہ قران پاک اور فاتحہ خوانی میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی ایم کیو ایم لندن کارکنان کی جانب سے لیاقت چوک پر پوسٹر اور جھنڈا لگانے کی کوشش پر انہیں گرفتار کیا گیا اس کے علاوہ ٹریفک میں خلل ڈالنے کے باعث مظاہرین کو ہٹانے کا فیصلہ کیا اور یہ ہماری ڈیوٹی میں شامل ہے۔ دریں اثناءحیدر آباد میں بھی ایم کیو ایم لندن کے درجنوں کارکنوں نے جمع ہوکر پکا قلعہ جانے کی کوشش کی تھی تاہم پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری متعین ہونے پر مظاہرے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
ایم کیو ایم لندن