7 میجر جنرلز لیفٹینٹ جنرل بنا دئیے گئے : ندیم رضا 10 ویں سرفراز ستار ملتان کے کورکمانڈر مقرر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + نیٹ نیوز) پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر ترقیاں، تقرریاں اور تبادلے کئے گئے ہیں۔ بّری فوج کے سات میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے ان میں اس وقت سندھ رینجرز کے سربراہ میجر جنرل بلال اکبر بھی شامل ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ترقی پانے والوں میں پہلے نمبر پر میجر جنرل ندیم رضا ہیں جو بّری فوج کی اکیڈمی پی ایم اے کے کمانڈنٹ تھے۔ دوسرے نمبر پر میجر جنرل ہمایوں عزیز کو لیفٹیننٹ جنرل بنایا گیا ہے جو اس وقت جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل ’ویلفیئر اینڈ ری ہیبلٹیشن‘ (فلاح اور بحالی کے ادارے) کے سربراہ تھے۔ تیسرے نمبر پر نیشنل یونیورسٹی آف ڈیفیس میں تعینات میجر جنرل محمد نعیم اشرف، چوتھے نمبر پر ایف ڈبلیو او کے ڈائریکٹر جنرل محمد افضل، پانچویں نمبر پر آئی جی ایف سی بلوچستان شیر افگن، چھٹے نمبر پر جنرل ہیڈ کوارٹرز میں تعینات ڈی جی پرسنل سروسز قاضی محمد اکرام احمد، ساتویں نمبر پر ترقی پانے والوں میں سندھ رینجرز کے میجر جنرل بلال اکبر شامل ہیں جنہیں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے 2014 میں سندھ ریجنرز کے سربراہ میجر جنرل رضوان اختر کو بھی لیفٹیننٹ جنرل کے رینک پر ترقی دے کر آئی ایس آئی کا ڈی جی بنایا گیا تھا۔ دو روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کو لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی جگہ کراچی کا کور کمانڈر تعینات کیا تھا اور لیفٹیننٹ جنرل غیور محمد کو ملٹری سیکرٹری تعینات کیا تھا جو اس سے پہلے جی ایچ کیو میں چیف آف لاجسٹک تھے۔ واضح رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے آرمی چیف بننے کے بعد یہ پہلا پروموشن بورڈ ہے جس میں ان ترقیوں کی منظوری دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نئے ترقی پانے والے لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کورکمانڈر10کور (راولپنڈی) موجودہ کمانڈر10کور لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال کا تبادلہ کر کے انہیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل تعینات کر دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار کو کمانڈر ٹوکورملتان تعینات کیا گیا ہے۔
میجر جنرلز / ترقیاں