فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی منگلا ڈیم کی مرمت کیلئے 26.5 کروڑ یورو قرضہ دیگی: اسحاق ڈار
اسلام آباد+پیرس (نمائندہ خصوصی+صاحبزادہ عتیق) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی کے سی ای او ریمی ری اوکس نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اے ایف ڈی کی طرف سے فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی کی امداد کا معترف ہے۔ سی ای او نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ منگلا ڈیم کی مرمت کے لئے فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی نے 265 ملین یورو کا قرضہ نرم شرائط پر دینے کی منظوری دی ہے۔ وزیر خزانہ سے جو پیرس میں ہیں او جی پی کے سی ای او نے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے او جی پی میں پاکستان کی شمولیت کا خیر مقدم کیا۔ وزیرخزانہ سے کار ساز کمپنی رینالٹ کے مشرق وسطیٰ ڈویژن کے سربراہ برنارڈ کمیبئر نے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ رینالٹ کمپنی 2018ء میں پاکستان میں کارسازی کا پلانٹ لگائے گی۔ وزیر خزانہ نے بعد ازاں فرانسیسی اخبار کو انٹرویو دیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے سماجی تحفظ پر خصوصی توجہ دی ہے۔ غربت کی شرح 60 فی صد سے کم ہو کر 29 فی صد ہو گئی ہے۔ حکومتی اقدامات سے زر مبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں، 3 سال میں ٹیکس وصولی میں 60 فیصد ‘ ٹیکس ادا کرنے والوں میں 25 فیصد اضافہ ہوا۔ غیر رسمی معیشت کی حوصلہ شکنی کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں، پاکستان ارکان پارلیمنٹ کی ٹیکس ڈائریکٹری شائع کرنے والا تیسرا ملک ہے۔ اخبار لبریشن کو انٹرویودیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا زر مبادلہ کے ذخائر پانچ ماہ کی برآمدات کے لئے کافی ہیں۔ پاکستان نے او جی پی کے عمل میں شامل ہونے کی درخواست کی ہے ۔ ہم او ای سی ڈی کے بھی ممبر بن جائیں گئے۔ ہم نے نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس کے دائرے میں لانے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو سیلاب کے سنگین خطرات کا سامنا ہے۔ ہم نے نیشنل ڈیزاسٹر فنڈ تشکیل دیا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا 25000میگاواٹ بجلی کے منصوبے تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔ دریں اثنا اسحاق ڈار نے کہا ہے رشوت ستانی کی روک تھام سے متعلق کنونشن تک رسائی کے لئے پاکستان اقتصادی تعاون و ترقی کی تنظیم (او ای سی ڈی) کے طریقہ کار اور معیار پر پورا اترنے کے لئے کام کر رہا ہے۔ وہ او ای سی ڈی کے سیکریٹری جنرل اینجل گوریا سے پیرس میں دوطرفہ ملاقات میں بات چیت کررہے تھے۔ وزیر خزانہ نے او جی پی میں شمولیت کیلئے پاکستان کی اظہار آمادگی کا خط او جی پی گلوبل سمٹ میں فرانسیسی صدر کے حوالے کیا ہے۔ دریں اثناء وزیر خزانہ نے برطانیہ کے انسداد بدعنوانی کے ادارہ کے سربراہ سر ایرک پکلز سے بھی ملاقات کی۔ علاوہ ازیں فرانسیسی انرجی کمپنی (ای این جی آئی ای) کے ہیڈ آف یورپین اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز ڈینس سیمونیو نے بھی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پیرس میں پاکستانی سفارت خانہ میں ملاقات کی۔