قائداعظم کے نظریات نئی نسل تک پہنچانا اؤلین ترجیح ہے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (اے پی پی)وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی رہنمائی اور ہدایات کے تحت بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت منانے کیلئے تیاریاں بھرپور طریقہ سے جاری ہیں،یہ دن پورے جوش و جذبے اور شاندار طریقے سے منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں اسلام آباد میں ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس سال قائداعظم کے یوم ولادت کو یادگار طور پر منانے کیلئے بڑی دلچسپی لے رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پوری قوم بانی پاکستان کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرے گی جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو ہندوئوں اور برطانیہ کے تسلط سے آزادی دلائی۔ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ ان تقریبات میں حصہ لیں گے،انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوانوں اور بچوں پر خصوصی توجہ مرکوز ہے کیونکہ عظیم رہنما کے نظریات سے اگلی نسل کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔ وزیر مملکت نے قائد کے یوم ولادت کی تقریبات کے سلسلے میں تیاریوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے انتظامی اور پروسیجرل امور کے حوالے سے موقع پر فیصلے بھی کئے۔ مریم اورنگزیب نے پوری وفاقی حکومت کو تیاریوں کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا اور متعلقہ حکام سے کہا کہ تمام وزارتوں، ڈویژنوں اور وفاقی حکومت کے متعلقہ محکموں کو اس ایونٹ کو انتہائی کامیاب بنانے کیلئے ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔