یورپی طاقتیں خود اس براعظم کو عدم استحکام کا شکار بنا رہی ہیں: روسی وزیر خارجہ
ہیمبرگ (اے پی پی) روسی وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ یورپی طاقتیں خود ہی اس براعظم کو عدم استحکام کا شکار بنا رہی ہیں۔جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق ہیمبرگ میں تعاون اور سکیورٹی کی یورپی تنظیم کی دو روزہ کانفرنس کے پہلے دن سرگئی لاروف نے کہا تمام فریقین کو یورپ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی غوروخوض کرنا چاہیے تاکہ اندازہ ہو سکے کہ اس خطے کو درپیش حقیقی مسائل کون سے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا مغربی طاقتوں کی طرف سے عراق اور لیبیا میں عسکری مداخلت سے مہاجرین کا بحران پیدا ہوا ہے، جس سے یورپ کی سلامتی کو خطرات لاحق ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا یورپ کی سلامتی کو روس سے خطرہ نہیں ہے۔