گورنر سندھ سے کور کمانڈر کی ملاقات‘ امن و امان پر گفتگو
کراچی(وقائع نگار)گورنر سندھ جسٹس(ر)سعید الزماں صدیقی سے کور کمانڈر فائیو کور لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال ،جاری آپریشن سمیت دیگر اہمیت کے حامل امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ جاری آپریشن کے باعث شہر کی رونقیں بحال ہوئی ہیں ، ثقافتی ، سماجی اور اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی سے عوام میں احساس تحفظ پیدا ہو رہا ہے جو کہ صوبہ اور شہر کے روشن مستقبل کے لئے انتہائی خوش آئند ہے ۔ سیاسی و عسکری قیادت متفق ہیں کہ مکمل قیام امن کی بحالی تک آپریشن جاری رہے گا ۔ ملاقات میں گورنر سندھ نے کراچی میں امن و امان کی بحالی میں لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ لیفٹنٹ جنرل نوید مختار اس ضمن میں بھرپور کا وشیں بروئے کار لارہے ہیں جسے کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔ کور کمانڈر نے گورنر سندھ سے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔
کور کمانڈر/ملاقات