اسلام آباد: دیرینہ دشمنی پر تحریک انصاف گوجر خان کا رہنما قتل، تاجروں کا احتجاج
اسلام آباد/ بیول (وقائع نگار+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد کے معروف کاروباری مرکز ستارہ مارکیٹ میں نامعلوم افراد نے سرعام فائرنگ کرکے تحریک انصاف تحصیل گوجر خان کے سینئر نائب صدرکو قتل کردیا۔ واقعہ کے بعد تاجروںنے ٹائر جلا کر سڑک بند کردی اور وزارت داخلہ سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔ جمعہ کی شام ساڑھے 6 بجے نامعلوم افراد نے سیکٹر جی سیون مرکز (ستارہ مارکیٹ) میں واقع ستارہ ہوٹل پر دھاوا بولا اور اندھادھند فائرنگ کرکے ہوٹل کے مالک نثار الحق کو بیدردی سے قتل کر دیا۔ جبکہ ملزمان اسلحہ لہراتے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے کیونکہ مقتول کے خلاف بھی گوجر خان میں متعدد مقدمات درج تھے۔ بیول سے نامہ نگار کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما و سابق امیدوار برائے چیئرمین یوسی بیول چوہدری نثار الحق ستارہ مارکیٹ اسلام آباد میں ہوٹل کے سامنے کھڑے تھے کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے۔ خبر تحصیل گوجرخان، تحصیل کلر سیداں میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ مرحوم انتہائی ملنسار، مخلص دوست اور غریب پرور تھے۔ دوسری طرف پراپرٹی تنازع پر اسلام آباد میں ہوٹل مالک کے قتل کا وزیر داخلہ چودھری نثار نے نوٹس لے لیا۔ انہوں نے پولیس کو قاتل کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے جس پر پولیس نے قتل میں ملوث ملزم کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دیدی۔