• news

پشاور : مسجد کے باہر فائرنگ‘ ڈی ایس پی محکمہ انسداد دہشت گردی ریاض الاسلام جاں بحق‘ بیٹا شدید زخمی

پشاور /لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیٹ نیوز+خصوصی رپورٹر) پشاور کے علاقے فقیر آباد میں چارسدہ روڈ پر مدینہ کالونی کے قریب 3 موٹر سائیکل سواروں نے مسجد کے باہر فائرنگ کر دی جس سے محکمہ انسداد دہشت گردی ”سی ٹی ڈی“ کے ڈی ایس پی ریاض الاسلام جاں بحق ان کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ریاض الاسلام گزشتہ شام گشت سے واپس آئے اور نماز مغرب پڑھنے کے بعد جیسے ہی مسجد سے باہر آئے ان پر موٹر سائیکل سواروں نے نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کر دی۔ ریاض الاسلام ریاض کے بیٹے کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور محفوظ رہے۔ ریاض الاسلام اور ان کے بیٹے کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈی ایس پی دم توڑ گئے۔ پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کر دی۔ بی بی سی کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ریاض الاسلام پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پشاور میں فائرنگ سے ڈی ایس پی ریاض الاسلام کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج اور افسوس اور انکے ورثا سے تعزیت کا اظہار کیا ہے صباح نیوز کے مطابق ریاض الاسلام پر یہ تیسرا حملہ تھا جو ان کی جان لے گیا۔ اس سے قبل اسی علاقے میں گھر سے آفس جاتے ہوئے ان پر بم سے حملہ کیا گیا دھماکے میں وہ شدید زخمی ہو گئے جبکہ یکہ توت کے علاقے میں بھی ان کو بم سے نشانہ بنایا گیامگر وہ محفوظ رہے تھے۔ دریں اثناءایبٹ آباد کے علاقے شیح البانڈی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایکسیئن واپڈا یوسف شاہ کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے، یوسف شاہ کا تعلق فاٹا سے تھا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق ایف سی اور حساس اداروں نے بلوچستان کے علاقہ سوئی میں کارروائی کرتے ہوئے دو راکٹ، ایک بارودی سرنگ اور پانچ کلو گرام بارودی مواد برآمد کر لیا جبکہ کوہلو میں بھی سرچ آپریشن کے دوران چار رائفلیں اور ایک ایس ایم جی برآمد کر لی گئی جبکہ تربت میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہ میں تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا جنہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
کوہلو/ آپریشن

ای پیپر-دی نیشن