• news

نوائے وقت گروپ سپورٹس گالا اختتام پذیر کرکٹ ایونٹ وقت نیوز نے جیت لیا

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) نوائے وقت گروپ کا سپورٹس گالا 2016ء کرکٹ ایونٹ کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ سہ روزہ گالا کے آخری روز بھٹو کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کرکٹ ٹورنامنٹ ہوا جس کے فائنل میں وقت نیوز اے کی ٹیم نے نوائے وقت کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی جیت لی۔ نوائے وقت کے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ سپورٹس گالا میں بیڈمنٹن‘ سنوکر اور کرکٹ کے ٹورنامنٹس میں نوائے وقت‘ دی نیشن اور وقت نیوز کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سپورٹس گالا اور کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی نوائے وقت گروپ کی ایم ڈی رمیزہ مجید نظامی تھیں مگر وہ بوجوہ مصروفیات اسلام آباد نہیں آسکیں تاہم انہوں نے اپنے پیغام میں شرکت کرنے والی ٹیموں اور آرگنائزنگ کمیٹی کو مبارکباد دی۔ نوائے وقت اسلام آباد کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر جاوید صدیق‘ دی نیشن اسلام آباد کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر سلمان مسعود پاکستان کرکٹ بورڈ کی گوورننگ بورڈ کے رکن شکیل شیخ او جی ڈی سی ایل کے جنرل منیجر اجمل صابر‘ راولپنڈی ریجن کے ہیڈ کوچ صبیح اظہر‘ سی ڈی اے کے ڈائریکٹر سپورٹس اینڈ کلچر چوہدری کامران بخت‘ آئی سی اے کے سینئر نائب صدر سید ابرار رضوی‘ نوائے وقت لاہور کے بزنس منیجر عثمان مسعود‘ منیجر مارکیٹنگ محفوظ انجم‘ منیجر مارکیٹنگ سید عمران حیدر‘ منیچر ایچ آر شفیق سلطان آئی ٹی ہیڈ قیصر ندیم اور وقت نیوز کے اینکر مطیع اﷲ جان نے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں شیلڈز اور سووینئر تقسیم کئے۔ بہترین انٹرٹینرکی ٹرافی دی نیشن کے محسن علی کو دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن