پاکستان کا کامیاب آغاز، آسٹریلیا الیون کو ٹور میچ میں201 رنز سے ہرا دیا
لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان نے کرکٹ آسٹریلیا الیون کو 3 روزہ ٹور میچ میں 201 رنز سے شکست دیدی۔ 311 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم 109 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ کینز میں جاری میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان ٹیم نے اپنی اننگز 216 رنز 6 وکٹ کے نقصان پر ڈیکلیئر کر دی۔ اظہر علی 82 رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔ محمد نواز نے 36، اسد شفیق 29 جبکہ سرفراز احمد نے، 20 رنز سکور کئے۔ کرکٹ آسٹریلیا الیون کے اسٹیٹی اور لیس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے کرکٹ آسٹریلیا الیون کو میچ جیتنے کے لئے 311 رنز کا ہدف دیاتھا جس کے تعاقب میں میزبان ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔کوئی بھی بیٹسمین پاکستانی بولرز کے آگے کریز پر جم نہ سکااور پوری ٹیم109رنز پر پویلین لوٹ گئی ، اس طرح پاکستان نے 3روزہ ٹور میچ 201رنز سے جیت لیا۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3،محمد عامر اور راحت علی نے دودو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں یونس خان نے 54 رنز کی اننگز کھیلی ٗ سرفراز احمد نے 39 رنز بنائے‘ باؤلنگ میں پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور راحت علی نے مجموعی طور پر 5، 5 وکٹیں حاصل کیں ٗ وہاب ریاض کے حصے میں 4، محمد نواز کے حصے میں 3 اور اظہر علی کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 15 دسمبر سے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔