• news

سیاستدانوں کی اداروں میں مداخلت سے صوبہ‘ ملک تباہی کے دہانے تک پہنچے: پرویز خٹک

نوشہرہ کینٹ (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کی اداروں میں مداخلت کی وجہ سے یہ صوبہ اور ملک تباہی کے دہانے پرپہنچا۔ نظام کی تبدیلی میں بھی کرپٹ سیاست دان حائل ہیں۔ وہ نہیں چاہتے کہ اس ملک کے غریب عوام کو ان کاحق ان کی دہلیز پر ملے۔ ہمارے مخالفین کی اولین ترجیح کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور چوری چکاری ہے۔ جبکہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور اقربا پروری کے خلاف جہاد کا اعلان کیاہے۔ مخالفین کو ہماری حکومت کے خلاف کرپشن کے کوئی ثبوت وشواہد نہیں مل رہے ہیں وہ ایک بار پھر غلط اور منفی پر وپیگنڈا پر اُتر آئے ہیں۔ تاہم عوام نظام کی تبدیلی اور کرپٹ سیاست دانوں سے چھٹکار حاصل کرنے کیلئے ایماندار قیادت کومنتخب کریں اور ایماندار قیادت صرف اور صرف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی صورت میں ہی ممکن ہے۔ وہ گنڈھیری جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر درجنوں خاندانوں ، راج ولی خان ، خان زمان، منور خان، جہانگیر خان، اشراف اللہ، گل ضمیر، شیر زمان، عادل خان، احسان خان، اورنگ زیب خان، فضل واحد، شفیع الرحمن نے اے این پی سے مستعفی ہوکر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی پرویز خٹک اور ڈاکٹر عمران خٹک اور میاں جمشید الدین کاکا خیل نے ان کوپی ٹی آئی کی ٹوپیاں پہنائیں۔ پرویز خٹک نے نئے شامل ہونیوالوں کو یقین دلایا کہ پی ٹی آئی میں ان کو جائز مقام ملے گا۔ ماضی میں حکمرانوں نے غریب عوام کا استحصال کیا۔ صوبے کے خزانے سے ذاتی تجوریاں بھریں۔ کرپشن ، لوٹ کھسوٹ اور اداروں کی تباہی عروج پر تھی، تقرریوں اور تبادلوں کی قیمتیں وصول کی جارہی تھیں اور میرٹ و انصاف کی دھجیاں اُڑائی گئیں۔ یہی وجہ ہے کہ عوام اس نظام سے تنگ آچکے تھے اورا نہوں نے عمرا ن خان کے منشور کو نجات کاراستہ سمجھ کر تبدیلی کے حق میں ووٹ دیا۔ میں سیاست دانوں کواس لیے مجرم سمجھتا ہوں کیو نکہ ان کی سیاست کا محور استاد پٹواری اور پولیس تھا اوریہی وجہ ہے کہ حقداروں کو حق نہ ملنے کی وجہ سے نالائق لوگ آگے آئے۔ اور آج حالت یہ ہے کہ اداروںمیں قابل افراد کی بہت کمی ہے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ عوام حق اور سچ کاساتھ دیں۔ اے این پی، اور پی پی پی کی اتحادی جماعتوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے ہے۔ جنہوں نے اقتدار میں آکر ملک کی ستر سالہ تاریخ میں کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑے۔ ہم نے اصلاحات کاجو پروگرام شروع کیااس کوضرورپورا کریں گے ہم جو قدم اٹھاتے ہیں۔ تو پنجاب اور دیگر صوبے ہماری تقلید کررہے ہیں ہمیں اس بات پر خوشی ہے کہ چاروں صوبے خیبر پی کے کے پیچھے چلیں تاکہ غریب عوام کے مسائل حل ہوں۔انھوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں چاروں صوبوں اور مرکز میں عوام کی قوت سے پی ٹی آئی کی حکومت بنے گی۔ ہمیں یقین ہے کہ عمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے اور غریب عوام کی تقدیر بدلیں گے۔پرویز خٹک نے تھانہ کوتوالی کا اچانک دورہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے ملزم کو بغیر ایف آئی آر تھانے میں رکھنے پر ایس ایچ او کو معطل کردیا۔ وزیراعلیٰ نے تھانے کے دیگر عملے کو بھی غائب ہونے پر معطل کرنے کا حکم دیا اور ملزم کے جسم پر تشدد کے نشانات دیکھ کر برہم ہوگئے۔ ملزم پر لیپ ٹاپ چوری کرنے کا الزام تھا۔

ای پیپر-دی نیشن