کنٹرول لائن: بڑھتی کشیدگی پر تشویش ہے: مشیر امریکی قومی سلامتی
واشنگٹن (آئی این پی+ صباح نیوز+ اے پی پی) امریکہ کی قومی سلامتی کی مشیر ڈاکٹر سوزان رائس نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، پاکستان کی خطے کے امن اور استحکام کے فروغ کوششیں قابل تحسین ہیں۔ خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت باہمی مذاکرات سے تعلقات بحال کریں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے وائٹ ہاوس میں امریکہ کی قومی سلامتی کی مشیر سوزان رائس سے ملاقات کی۔ طارق فاطمی کے ساتھ امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی بھی موجود تھے ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے میں قیام امن اور سیکورٹی کی صورتحال، انسداد دہشت گردی، دفاع اور معاشی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر طارق فاطمی نے بھارتی افواج کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر کی جانے والی مسلسل خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا۔ طارق فاطمی نے سوزان رائس کو کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ سوزان رائس نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان کی خطے کے امن اور استحکام کیلئے کوششیں قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا امریکہ کی خواہش ہے پاکستان اور بھارت مذاکرات کے ذریعے تعلقات بحال ہوں۔ طارق فاطمی نے سوزن رائس کو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا۔ اور کہا کہ بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ سے معصوم لوگ شہید ہو رہے ہیں جب کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ سوزان رائس نے امرتسر میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں پاکستان کی شرکت کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خطہ میں استحکام کیلئے کوششیں قابل تحسین ہیں۔