عمران کے روئیے سے تنگ تحریک انصاف کے بعض اہم رہنما ہم سے رابطے میں ہیں: خواجہ آصف
سیالکوٹ (نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاع و پانی بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بے شمار لوگ عمران کے روئیے سے تنگ ہیں اور تحریک انصاف کے بعض اہم لیڈر ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔ افغان صدر نے جو باتیں پاکستان کے خلاف کی ہیں وہ احسان فراموشی والی زبان ہے۔ سیالکوٹ میں مسلم لیگ ہائوس میں بلامقابلہ منتخب ہونے والے میئر و ڈپٹی میئرکے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان سے بات کی امیدرکھنے والوں کو مایوسی ہوگی کیونکہ وہ کسی سے مشاورت نہیں کرتے بلکہ جو انکے ذہن میں آئے وہ کرتے ہیں۔ پاکستان میں پانامالیکس کا کوئی مسئلہ نہیں۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ سب سے بڑا مسئلہ تھا جو بیشتر حل ہوچکا ہے اور 2018ء کے عام انتخابات سے قبل بجلی کی لوڈشیڈنگ پاکستان سے ختم ہوچکی ہوگی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں افغان اور بھارتی رویہ کو سراہا نہیں گیا۔ پاکستان کے تحمل والے رویہ کو روس سمیت پوری دنیا نے سراہا ہے۔ بلاول کی ٹریننگ ہونی چاہئے اور اسے چاہئے کہ وہ بے نظیر بھٹو اور پارٹی کے ورثہ کے مطابق جدوجہد کرے۔ بلدیاتی انتخابات میں عوام نے عمران خان کو مسترد کردیا۔ 22 دسمبر کو بھی تحریک انصاف کو بری شکست ہوگی۔ کل جو کمشن مانگتے تھے وہ آج کمشن کی مخالفت کر رہے ہیں، اسی وجہ سے وہ سپریم کورٹ سے بھاگ گئے۔ عمران خان کے سر پر اقتدار کی خواہش سوار ہے۔ میئر وڈپٹی میئر کے انتخابات میں میرے مخالف 72 ہزارووٹ لینے والوں کو تصدیق اور تجویز کنندگان بھی نہیں ملے۔