پاکستان نے دہشت گردی جاری رکھی تو 10 ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائیگا : راجناتھ کی ہرزہ سرائی‘ بوکھلاہٹ میں ہوش کھو بیٹھے : آصف خواجہ
جموں (نیوز ڈیسک+ آئی این پی) بھارتی وزیر خارجہ راجناتھ سنگھ نے ایک مرتبہ پھر خبث باطن کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان امن و آشتی کے ساتھ رہنا چاہتا ہے مگر دہشت گردی کے معاملے پر کسی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے دورے کے دوران کٹھوعہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ نے ہرزہ سرائی کی کہ پاکستان بھارت کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازش کر رہا ہے لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو گا۔ بھارت 1947ءمیں مذہبی بنیادوں پر تقسیم ہوا مگر ہم نے آج تک اس تقسیم کو قبول نہیں کیا۔ بھارت کو ایک بار پھر مذہبی بنیاد پر تقسیم نہیں کیا جا سکتا اگر پاکستان نے دہشت گردی کی پالیسی جاری رکھی تو وہ 10 ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا پاکستان مذہبی بنیاد پر بھارت کی تقسیم سے معرض وجود میں آیا مگر 1971ءمیں 2 حصوں میں تقسیم ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں رہنے والے ہندو اور مسلمان آپس میں بھائی ہیں ہم سب کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے ذریعے کشمیر کو بھارت سے الگ کرنا چاہتا ہے لیکن اسے معلوم ہونا چاہیے کہ دہشت گردی بزدلوں کا ہتھیار ہے۔ بہادروں کا نہیں پاکستان کے ساتھ بھارت نے ہمیشہ خوشگوار تعلقات کیلئے پہل کی مگر ہمیں پٹھانکوٹ ائربیس اور اڑی حملوں کی صورت میں جواب دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان دہشت گردی پر قابو پانے میں ناکام ہے تو بھارت اسکی مدد کرنے کو تیار ہے۔ دریں اثناءراجناتھ کے بیان پر ردعمل میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ کی دھمکی گیدڑ بھبکی ہے، لگتا ہے راج ناتھ سنگھ بوکھلاہٹ میں ہوش کھو بیٹھے ہیں ، انھیںمعلوم نہیں کہ آج کا پاکستان کہاں کھڑا ہے ، مودی سرکار مزید رہی تو بھارت کو اپنے ٹکڑے گننا مشکل ہو جائے گا۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے ٹویٹر پر ردعمل میں کہا کہ اگر پاکستان بھارت کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کر رہا ہے تو یہی کام راجناتھ سنگھ تم اور تمہارا باس نریندر مودی بھی کر رہا ہے۔
راج ناتھ