عید میلادالنبی آج عقیدت و احترام سے منائی جائیگی، لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان
لاہور/ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار + سٹاف رپورٹر + خبر نگار+ نامہ نگار+ ایجنسیاں) عید میلادالنبی آج(پیر کو) مذہبی عقیدت و احترام سے ِمنائی جائیگی، اس سلسلہ میں ملک بھر میں میلاد کے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی، مساجد و گھروں میں درود سلام کی خصوصی محافل کا اہتمام بھی کیا جائے گا، وفاقی، صوبائی اور ڈویژنل سطح پر سیرت کانفرسزکا انعقاد بھی ہو گا،جن میں علمائے کرام نبی کریم کی حیات مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالی جائیگی جبکہ بازاروں، گلیوں محلوں اور گھروں کو برقی قمقموں، سبز جھنڈیوں سے سجایا بھی جائیگا۔ صوبائی دارالحکومت میں وفاقی وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی اور محکمہ اوقاف پنجاب کے زیر اہتمام دو روزہ انٹرنیشنل سیرت کانفرنس کے دوسرے اور آخری روز آج منعقد ہوگی۔ وزیراعظم میاں نواز شریف کل کانفرنس کے مرکزی سیشن میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ علاوہ ازیں حکومت نے عید میلادالنبی کے موقع پر ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزارت پانی و بجلی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں اتوار کی رات اور پیر کو کہیں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق وزارت پانی و بجلی نے تمام ترسیلی کمپنیوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ علاوہ ازیں عید میلادالنبی کے موقع پر آج تمام سرکاری اور غیر سرکاری ادارے بند رہیں گے۔ مزید براں عید میلادالنبی کے مبارک موقع پر پنجاب کی جیلوں میں موجود قیدیوں کی سزاﺅں میں 2 ماہ کی کمی کردی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق منشیات، دہشت گردی، قتل، چوری، ڈکیتی،زنا، کرپشن کے مجرمان کی سزاﺅں میں کمی نہیں کی جائیگی۔ علاوہ ازیں عید میلادالنبی کے موقع پر گزشتہ رات مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مقامات پر پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ کمانڈوز بھی تعینات کئے تھے جبکہ آج شہر میں 12 ہزار پولیس اہلکار سپیشل سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ آج کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے خصوصی طور پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق آستانہ عالیہ نقشبندیہ، مجددیہ، موہرویہ وادی عزیز شریف درمیان دوپل دریائے چناب چنیوٹ میںجشن میلاد النبی ہر سال کی طرح امسال بھی دنیا کا سب سے بڑا 63 من وزنی میلاد کیک تیار کیا گیا ہے۔ اپنی نوعیت کے منفرد کیک کو دیکھنے کیلئے عاشقان رسول کا ہجوم امڈ آیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ملتان میں 75 فٹ لمبا اور 7 فٹ چوڑا، 12 ہزار پاﺅنڈ وزنی کیک تیار کیا گیا ہے۔ کیک کی تیاری میں 12 روز لگے ہیں اور 8 افراد نے یہ کیک تیار کیا ہے۔ چمن میں صاحب آغا دربار پر 12 سو دنبوں اور بکروں کی قربانی کردی گئی۔ قربانی کا گوشت غرباءمیں تقسیم کیا گیا۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے عیدمیلاد النبی کے با برکت موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن تاریخ بنی نوع انسان کی عزت و عظمت کی معراج کا دن ہے کیونکہ آج کا روز وجہ کائنات نبی آخرالزمان حضرت محمدصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیدائش کا دن ہے۔ آپ نے اسلام کے عالمگیری پیغام کو عمل کے ذریعے اس طرح پیش کیا کہ رب دو جہاںنے روزِ قیامت تک کے لےے رشد و ہدایت کا بنیادی و حقیقی ذریعہ بنا دیا۔ ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا ہے کہ نبی پاک کے اُسوہ حسنہ کو اپنی زندگیوں میںشامل کر کے اس پر من و عن عمل پیرا ہونے کی سعی کرنی ہے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن مسلمانوں کا اپنے نبی کریم سے عشق کے عملی اظہار کا دن ہے۔ امت مسلمہ کی تنزلی کا سب سے بڑا سبب رحمت اللعالمین کی حقیقی تعلیمات سے دوری ہے۔حضور نبی کریم نے امت کو اخوت،رواداری اور بھائی چارے کا درس دیا ہے۔ نبی کریم کی حقیقی تعلیمات کا فروغ اور اس کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا آج ہمیں عہد کرنا ہوگا۔علاوہ ازیں گورنر خیبر پی کے انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خیبر پی کے کے عوام سے اپیل ہے کہ حالات کا تحمل و برداشت سے سامنا کریں، اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور معاشرے کا درست اور متحمل امتزاج اجاگر کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ ہمارا بحیثیت مسلمان یہ پختہ ایمان ہے کہ نبی پاک کی تعلیمات ہر زمانے کیلئے ہیں۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی اس جہاں میں تشریف آوری نے دنیا کو انسانیت، روحانیت، علم اور فلاح و بہبود کی نئی بلندیوں سے روشناس کرایا اور یہ ان کے ہی قدم مبارک کا فیضان ہے کہ آج دنیا جہالت اور غارت گری سے نکل کر انصاف ، علم و دانش اور امن و آشتی کی راہ پر گامزن ہے۔
عید میلاد النبی