• news

رنگ‘ نسل علاقائی لسانی تعصبات سے نجات حاصل کریں : صدر : موجودہ صورتحال میں فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے : نوازشریف

اسلام آباد+ لاہور (وقائع نگار خصوصی+ خبرنگار) صدر ممنون حسین نے حضور اکرم کی ولادت باسعادت کے موقع پر پوری ا±مت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مبارک دن دنیاکےلئے دکھوں سے نجات اور امن و آشتی کا پیغام لایا ہے، اب یہ مسلمانوں کا مقدس فریضہ ہے کہ وہ آپ کی آفاقی تعلیمات کی روشنی میں کرہ ارض کو جنت نظیربنادیں۔ نبی کریم ﷺ کے یوم ولادت با سعادت کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ خطبئہ حجة الوداع کی روشنی میں رنگ ونسل اورعلاقائی و لسانی تعصبات سے نجات حاصل کرکے اپنی زندگی اور اللہ کی مخلوق کی زندگی میں خوشیاں بھردیں تاکہ وطن عزیز، عالم اسلام اور پوری دنیا میں میانہ روی، اعتدال اورعدل کی عظیم روایات کا بول بالا اور شدت پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوسکے، دنیا کو آج تعلیمات نبوی سے روشناس کرانے کی پہلے سے کہیں بڑھ کر ضرورت ہے۔ حضور کے امتی ہونے کے ناطے ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اسوہ حسنہ پرعمل پیرا ہوکر نہ صرف اپنی دنیا بلکہ آخرت بھی سنوار لیں، مسلمانوں کا یہ اولین فریضہ ہے کہ سیرت طیبہ پرعمل کرتے ہوئے بھلائی اورخدمت خلق کے کاموں میں سبقت حاصل کریں ہر ایسے طرز عمل سے بچیں جس سے کسی کی جان، مال، عزت اور آبرو کو ذرا برابر بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو کیونکہ سیرت طیبہ کا سبق یہی ہے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ہمیں نبی اکرم کے اسوہ حسنہ پرعمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور وطن عزیز کو حقیقی ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنا دے جو ہمارا نصب العین ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے محسن انسانیت خاتم الانبیاءرحمت اللعالمین حضرت محمد مصطفیٰ کی ولادت باسعادت کے مبارک دن پر تمام مسلمانان عالم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ عید میلاد النبی کا دن ہمیں ایثار، قربانی، رواداری، مواخات اور وحدت ملت اسلامیہ کے زریں اصول یاد کرانے کا ذریعہ ہے اور اس فلاح ونجات کی طرف متوجہ کرتا ہے جو حضرت محمد کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر مسلمانوں کو حاصل ہوسکتی ہیں۔ 12ربیع الاول کا دن وجہ وجود کائنات کے ظہور میں آنے کا دن ہے، تاریخ ہمیشہ ان مقدس لمحات پر نازاں رہے گی جو اس روشن صبح کے دامن میں سمٹ آئے تھے۔ انسان دشمنی ، ظلم و تشدد، جہالت، جبرو استبداد اور گمراہی کی تاریخ کو ظہور قدسی کے ان مبارک لمحات نے یکسر بدل کر رکھ دیا، تہذیب انسانی کو وقار، ثقافت کے تقدس، علم کو وسعت، فکرکوندرت، عمل کو طہارت، معاملات میں عفوو درگزر اورجذبات کو پاکیزگی بخش دی گئی، محبت و اخوت اور مروت و خلوص کے گلستان آباد کردیئے گئے۔ ماہ ربیع الاول ہمیں حضرت محمد سے عشق ومحبت کا پیغام دیتا ہے، سرزمین پاکستان ہمیشہ سے نبی کریم کے جان نثاروں سرفروشوں اور پیروکاروں کی زمین رہی ہے حتیٰ کہ اس کی بنیادوں میں بھی ریاست مدینہ کا عکس موجود ہے، اب بابرکت دن کی تمام محفلیں دراصل تحدیث نعمت ہیں جن کا انعقاد آپ کی ذات اقدس سے تعلق کے اظہار اور آپ کے لائے ہوئے پیغام ہدایت کو عام کرنے کےلئے کیا جاتا ہے۔ ہمیں اس مبارک موقع پرعہد کرنا چاہئے کہ ہم انتہا پسندانہ سوچ اور علاقائی تعصبات کو خیرباد کہہ کر ملک وقوم کی ترقی اورخوشحالی کےلئے کام کریں گے، آج اس نازک صورتحال میں ہمیں اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے جو ضرب عضب اور دیگر محاذوں پر بے پناہ قربانیاں پیش کررہی ہے، ضرورت اس امرکی ہے کہ حضرت محمد کے اسوہ حسنہ کو انفرادی اوراجتماعی سطح پر اپنایا جائے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی زندگیوں کو سنت مطہرہ کے سانچے میں ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے عید میلادالنبی کے بابرکت موقع پر پیغام میں کہا کہ آج کا دن تاریح بنی نوع انسان کی عزت و عظمت کی معراج کا دن ہے کیونکہ آج کا روز وجہ کائنات نبی آخرالزمان حضرت محمدﷺ کی ولادت باسعادت کا دن ہے۔ ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا ہے کہ نبی پاک کے اسوہ حسنہ کو زندگیوں میں شامل کرکے اس پر من و عن عمل پیرا ہونے کی سعی کرنی ہے تاکہ ہم مسلمان ہونے کے حقدار کہلا سکیں۔ خوف خدا، انسانیت کی بھلائی، خوش خلقی، احساس ذمہ داری، محبت اور اخوت ہی آپ سرکارﷺ کے پیغام کا بنیادی حصہ ہے۔
رخ مصطفیٰ ہے وہ آئینہ کہ اب ایسا دوسرا آئینہ
نہ ہماری بزم خیال میں، نہ دکان آئینہ ساز میں
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے رحمةاللعالمین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ خاتم الانبیائ، محسنِ انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت تاریخِ انسانی کا سب سے بڑا واقعہ ہے اور اللہ تعالی نے حضرت محمد کو تمام جہانوں کےلئے رحمت بنا کر بھیجا ہے ۔نبی پاک کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کے لئے مشعل راہ ہےں۔ نبی پاک کی ولادت کا مبارک و بابرکت دن امت مسلمہ کو قرآن و سنت کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے اور بلاشبہ محسن انسانیت حضرت محمد اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کے ذریعے دنیا کیلئے مثال بنے ہیں ۔ حضور پاک کی تعلیمات پرعمل پیرا ہو کر ہی معاشرے سے ظلم و زیادتی ، نا انصافی اور بد امنی کا خاتمہ ممکن ہے، بنی نوع انسان کی کامیابی کا راز پیغمبر اسلام کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ پرعمل پیرا ہونے میں ہے۔ ملتِ اسلامیہ کو اقوام عالم میں جو منفرد حیثیت حاصل ہے، اس کی بنیاد رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات سے نسبت ہے۔ آپ نے اپنے عمدہ اخلاق کے ذریعے جہالت و ظلمت میں ڈوبے عرب معاشرہ میں انقلاب برپا کر دیااور حق و انصاف کا پرچم بلند کرکے ایک پرامن اور مہذب معاشرے کی بنیاد رکھی اور عرب معاشرے کی کایا پلٹ دی جس کی تاریخ عالم میں کوئی دوسری نظیر نہیں ملتی۔ آپ نے تمام بنی نوع انسان کو امن و آشتی ، اخوت ، احترام انسانیت، مساوات ، عفو ودرگزراور عدل وانصاف کا درس دیا ہے۔ حضورپاک کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر معاشرے کو دہشت گردی اور انتہاپسندی جیسے مسائل سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ نبی کا اسوہ¿ حسنہ عدل و انصاف، سچائی بقائے باہمی، انسانیت سے ہمدردی ،صبر و برداشت اور امن و محبت کی بہتر ین مثال ہے ۔ آپ کی سنت و تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا میں حقیقی امن قائم کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 12ربیع الاول پوری دنیا کے مسلمانوں کیلئے قابل احترام اور عظیم دن ہے اس روز ہمارے پیارے نبی کی ولادت باسعادت ہوئی تھی، اور ان کی ولادت کا جشن دنیا کے کونے کونے میں بڑے شان اور اہتمام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اﷲ تعالیٰ نے حضور اکرم کو پوری انسانیت کے لئے رحمت بنا کر بھیجا گیا تھا، سماج دشمن عناصر، ملک دشمن قوتوں اور دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی تاکہ صوبے بھر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رونمانہ ہو۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ربیع الاول کا مہینہ تمام مسلمانوں کے لیے مبارک ہے کیونکہ اس ماہ میں ہمارے پیارے نبی حضرت محمد اس دنیا میں رحمت العالمین بن کر تشریف لائے جہالت کے اندھیروں کو مٹا کر اس کائنات کو دین اسلام کی روشنی سے منور کر دیا۔ اسوہ حسنہ کی پیروی کر کے ہم نا صرف انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنی دنیاوی زندگی سنوار سکتے ہیں بلکہ عاقبت کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔ اسلام آباد سے خبر نگار خصوصی کے مطابق پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے روز ہمیں اپنے پیارے نبی محمد کے سکھائے ہوئے دو اسباق کو یاد رکھنے کی سخت ضرورت ہے اور یہ دو سبق برداشت اور ایک دوسرے کے درمیان سمجھ اور بھائی چارہ ہے اور ان کا پیغام تمام زمانوں اور تمام جغرافیائی سرحدوں کے پار بھی ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمد مصطفی کے یوم ولادت پر ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہئے کہ ہم تمام انسانیت اور کائنات کی مزید بہتری کے لئے ان کی دانشمندی، برداشت، پیار، امن اور انسانی مساوات کی تعلیمات کی مکمل سچائی سے پیروی کریں گے۔
صدر / وزیراعظم پیغامات

ای پیپر-دی نیشن