• news

سرتاج عزیز کی بحرین اور مصر کے وزراء خارجہ شہزادہ ترکی الفیصل سے ملاقاتیں، دو طرفہ تجارت اور معاشی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بحرین اورمصر کے وزراء خارجہ اور سعودی شہزادہ ترکی الفیصل سے ملاقاتیں کیں جن میں بحرین اور مصر کے پاکستان کے ساتھ تجارت کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق بحرین کے دارلحکومت منامہ میں علاقائی سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے موجود مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد بن احمد کے درمیان ملاقات ہوئی۔ دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق بحرین نے پاکستان کے ساتھ معاشی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ پاکستان اور بحرین کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس اگلے ماہ یہاں ہوگا۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بحرین میں مصر کے وزیر خارجہ سمیع شکرے اور سعودی عرب کے کنگ فہد فائونڈیشن برائے تحقیق و اسلامی تعلیمات کے سربراہ شہزادہ ترکی الفیصل کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ مشیر خارجہ اور مصری وزیر خارجہ کی ملاقات کے دوران دونوں راہنمائوں نے اتفاق کیا پاکستان اور مصر کے درمیان صنعت و تجارت میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس ضمن میںیہ طے پایا کہ پاکستان اور مصر کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس جلد منعقد کیا جائے۔ شہزادہ ترکی الفیصل کے ساتھ ملاقات کے دوران سرتاج عزیز نے کنگ فہد فائونڈیشن اور پاکستانی یونیورسٹیوں کے درمیان شدت پسندی کے خاتمہ کیلئے تعاون کی تجویز پیش کی جس کا انہوں نے خیر مقدم کیا۔

ای پیپر-دی نیشن