• news

کراچی: آسیب کے سائے چھٹ رہے ہیں، ریاستی ادارے جمہوریت پر گامزن: سعد رفیق

کراچی (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے ملک میں جمہوریت چار بار ڈی ریل ہوئی لیکن اب راستہ نکل آیا ہے، ریاستی اداروں نے اپنی سوچ تبدیل کرلی ہے اوراب وہ جمہوریت کی راہ پر گامزن ہیں، موجودہ جموریت میں مزید شفافیت لانا ہوگی، کراچی سے اندھیروں کے بادل چھٹ رہے ہیں، آنے والی نسل کو جلتا ہوا نہیں بلکہ روشن ، خوشحال اور مستحکم پاکستان دیں گے۔ انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ریاستی ادارے آئین پاکستان کے دائرے میں رہ کرکام کررہے ہیں، جمہوریت کی موجودہ شکل ہماری منزل نہیں، ہمیں اس میں شفافیت لانی ہے۔ انھوں نے کہا ملک کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق آگے نہیں بڑھا سکے لیکن پھر بھی اسلامی ممالک میں ہمارا پیارا وطن ایک مستحکم ملک نظرآتا ہے ، ہمیں یہاں پر امید اور مستقبل کی بات کرنی چاہیے۔ کراچی سے متعلق سوال پر انھوں نے کہا شہر پر چھائے آسیب کے سائے چھٹ رہے ہیں،فورسز اور سول حکومت نے کراچی کے امن و امان کے لئے بہت کام کیا اور کر بھی رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کا بحران حل ہونے کی منزل قریب آچکی ہے۔ ایک سوال پر کہا عدالتیںانصاف پر مبنی فیصلے کررہی ہیں۔ ایک صحافی نے سوال کیا آپ چار دن کراچی میں رہے اور آخری دن مزار قائد پر حاضری کیوں دے رہے ہیں؟ سوال پر وہ شدید غصے میں آ گئے اور یہ کہتے ہوئے چلے گئے آپ کے نامناسب سوال کا جواب نہیں دے سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن