کراچی: قبروں کی جگہ فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ‘ مانیٹرنگ کیلئے کمیٹی قائم
کراچی (این این آئی) کراچی میں قبروں کی جگہ فروخت کرنے والوں کے خلاف پولیس حرکت میں آگئی، عزیز آباد میں قبروں کی جگہ فروخت کرنے کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا، پولیس نے قبرستانوں کی مانیٹرنگ کے لیے کمیٹی بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں قبروں کی جگہ فروخت کا مکروہ دھندا کرنیوالوں کے خلاف گھیرا تنگ کر نے کے لیے پولیس نے تحقیقات انٹیلی جنس کے شعبہ کو دے دی، پولیس ذرائع کا کہنا ہے اس گھناؤنے کارروبار میں کوئی نہیں بچے گا۔ قبرستانوں کی مانیٹرینگ کی جائے گی جس کے لیے کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، کمیٹی قبرستانوں میں ہونے والی جگہ کی کٹنگ کے حوالے سے بھی تفصیلات جمع کرے گی۔ اس ضمن میں گزشتہ دنوں یاسین آباد قبرستان میں قبروں کی جگہ فروخت کرنے والے گروہ کے سرغنہ اعجاز کی تلاش میں بھی چھاپے مارے جارہے ہیں ملزم کے ایم سی کا ملازم اور غیر اعلانیہ طور پر کالعدم سیاسی جماعت کا کارندہ ہے۔ اعجاز کے خلاف شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں کہ وہ قبروں کی فروخت میں رشوت کی رقم کے ایم سی کے کن ملازمین میں تقسیم کرتا تھا۔ گرفتار ملزم نعیم عرف کالو نے ڈیڑھ ہزار سے زائد قبروں کی جگہ فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزموں نے ایک ماہ میں ڈیڑھ سو قبریں کھودیں ۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قبرستان جائیں اور اپنے پیاروں کی قبروں کا جائزہ لیں۔