260 افراد کو زندہ جلانے کا ملزم رحمان بھولا کراچی پہنچا دیا گیا
کراچی (صباح نیوز+ نیٹ نیوز) سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم عبدالرحمان بھولا کو ایف آئی اے کی ٹیم بنکاک سے لیکر کراچی پہنچ گئی۔ ایف آئی اے کی ٹیم رحمان بھولا کو اب کراچی پولیس کے حوالے کریگی۔ واضح رہے رحمان عرف بھولا کی گرفتاری 3 دسمبر کو بنکاک میں ہوئی۔ بلدیہ ٹائون کی علی ہوزری فیکٹری میں کام کرنے والے 260 سے زائد افراد 2012ء میں ہولناک آتشزدگی کے باعث جاں بحق ہو گئے تھے۔ رحمان بھولا کو بنکاک سے وطن واپس لانے کے لئے ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر بدر الدین بلوچ اور انسپکٹر رحمت اللہ بنکاک پہنچے۔ رحمان بھولا کو آج ریمانڈ کیلئے خصوصی عدالت میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ قبل ازیں ملزم نے ایف آئی اے کو دیئے ابتدائی بیان میں بتایا کہ انچارج تنظیمی کمیٹی متحدہ حماد صدیقی الطاف حسین کا کماؤ پوت تھا اس نے جب وہ سیکٹر انچارج حماد کے کہنے پر علی ہوزری فیکٹری کو 10 کروڑ بھتہ نہ دیئے جانے پر آگ لگائی اس معاملے میں پارٹی کے دیگر لوگ بھی شامل تھے۔ دوسری طرف سانحہ بلدیہ ٹائون کے ملزم یوسف عرف گدھا گاڑی نے اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ٹارگٹ کلنگ ٹیم لیڈر اصغر بیگ بلدیہ فیکٹری میں آگ لگانے میں ملوث تھا۔ علاقے میں سب سے زیادہ فساد اصغر بیگ کے حکم پر ہوتا رہا۔ سانحہ بلدیہ ٹائون کے بعد رحمن بھولا نے فیکٹری کے باہر امدادی کیمپ بھی لگایا جو دو تین روز تک کام کرتا رہا۔ واضح رہے ملزم گدھا گاڑی کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔