• news

عمران نے جھوٹ بولنے کے سوا کچھ نہیں کیا، اداروں کو دھمکیاں دینا بند کریں : مریم اورنگزیب

اسلام آباد (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان آئینی اداروں کو دھمکیاں دینا بند کر دیں، عمران نے پچھلے ساڑھے تین سال میں جھوٹ بولنے کے علاوہ اور کچھ نہیں کیا، عمران اور تحریک انصاف کی جانب سے اعلیٰ عدلیہ کے خلاف مہم افسوسناک ہے ، عمران خان اپنے طرز سیاست سے پاکستانی سیاست کا چہرہ گدلا کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان پارلیمنٹ سے دور نہیں رہ سکتے تو پارلیمنٹ کے خلاف سازشیں کیوں کرتے ہیں ‘ تحریک انصاف کی بار بار پارلیمنٹ میں واپسی ہمارے موقف کی فتح ہے ‘ سیاست ہنگامہ آرائی ‘ بہتان تراشی کے ذریعے نہیں پارلیمان کے ذریعے ہی آگے بڑھے گی۔ وہ پریس کانفرنس پر ردعمل دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اینڈ کمپنی کو جمہوری سیاست کی الف ب بھی نہیں آتی ۔ جب وقت آیا تو پی ٹی آئی کے لیڈر باہر نکلنے کی بجائے پش اپس لگانے لگے۔ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی اقتدار کی بھوک سے بے حال ہو رہے ہیں۔ طلال چودھری کا کہنا تھا کہ عمران یوٹرن کے ماسٹر ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ قومی اداروں کی توہین کرنا اور عدلیہ کے فصلوں کو نہ ماننا عمران خانی طرز سیاست ہے۔ عمران خان اپنی مرضی کے فیصلے کرانا چاہتے ہیں جبکہ عدالتیں ٹھوس ثبوت اور شہادتوں کی بنیاد پر فیصلے کرتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن