کراچی: فائرنگ کے واقعات، رکشہ ڈرائیور سمیت 3 قتل، ڈاکو مقابلے میں ہلاک
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں رکشہ ڈرائیور سمیت 3 افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا رکشہ ڈرائیور 59سالہ محمد امان علی شاہ کو پیر کی صبح سینٹرل جیل فلائی اوور کے نزدیک فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ مقتول پٹیل پاڑہ میں رہتا اور 6 بچوں کا باپ تھا ادھر سائٹ کے علاقے میں فائر بریگیڈ والی گلی سے ایک نوجوان کی نعش ملی جسے مبینہ طور پر تشدد کرکے ہلاک کیا گیا تھا مقتول 25سالہ آصف رشید حسن ابدال کا رہنے والا تھا اس کے علاوہ ملیر کے علاقے سموں گوٹھ میں نامعلوم افراد نے ایک شخص 50سالہ حاجی فریاد علی کو اغوا کے بعد گلا کاٹ کر ہلاک کردیا اور اس کی نعش پھینک کر فرار ہوگئے مقتول حاجی فریاد علی کو ایک روز قبل اغوا کیا گیا تھا مزید برآں ایم پی آر کالونی میں البدر مدرسہ کے نزدیک نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص 35سالہ عبدالرحمان زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں ڈرگ روڈ پر پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک اس کے 2 ساتھی فرار ہو گئے۔