دہشت گردوں انکے سہولت کاروں میں گٹھ جوڑہر صورت ختم کرینگے :آرمی چیف
پشاور(آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں میں گٹھ جوڑ ہر صورت ختم کریں گے جب کہ قیام امن کے لیے پاک افغان بارڈر کے دوسری جانب دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا ہوگی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے ان کا استقبال کیا جبکہ پاک فوج کے سربراہ نے کور ہیڈ کوارٹر پشاور میں پورا دن گزارا۔ اس موقع پر انہیں فاٹا، خیبرپی کے اور مالاکنڈ ڈویژن میں سکیورٹی آپریشن پربریفنگ دی گئی۔ ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے بارڈر مینجمنٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا جبکہ تعمیراتی کاموں، سرحد پرایف سی کی کارکردگی کی تعریف کی اور ایف سی کی صلاحیتوں میں بہتری لانے کی ہدایت کی۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے اب تک کے آپریشن میں حاصل کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا علاقے میں قیام امن ، ترقیاتی کاموں کے لیے پاک فوج ، قبائل شانہ بشانہ رہیں گے جبکہ پاک فوج فاٹا بھر میں ترقیاتی کاموں سے متعلق قبائلی عوام کے ساتھ ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا دہشت گردوں کے درمیان روابط ختم کرنے کے لیے بہتر بارڈر مینجمنٹ ضروری ہے جب کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں میں گٹھ جوڑ ہر صورت ختم کریں گے۔آرمی چیف نے پاک افغان بارڈر پر دہشت گردوں کی غیرقانونی نقل وحرکت کو روکنے اور چوکیوں کی تعمیر کا کام تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قیام امن کے لیے پاک افغان بارڈر کے دوسری جانب دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے متاثرین کی باعزت اور بروقت واپسی اور متاثرین کی بحالی کے لیے سماجی انفراسٹرکچرمیں بہتری کو یقینی بنایا جائے کیوں کہ فاٹا میں قیام امن اور خوشحالی سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔