• news

پڑوسی تبدیل نہیں کر سکتے، پاکستان کے ساتھ مذاکرات ناگزیر ہیں: محبوبہ مفتی

جموں (اے این این)پاکستان کو اپنی سرزمین ہندوستان مخالف کارروائیوں کے لئے استعمال میں نہ لائے جانے کے وعدہ پر کاربند رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ جموں کشمیر اگر چہ ہندوستان کا تاج ہے لیکن بر صغیر کی تقسیم کا سب سے زیادہ خمیازہ بھی اسی کو بھگتنا پڑا ہے، ہم کبھی بھی تقسیم کے حق میں نہیں تھے، تقسیم کے بعد بہت سارے مسائل پیدا ہو گئے ہیں جن کے حل کے لئے ہمیں سبھی کا تعاون درکار ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پارلیمنٹ حملہ، کرگل جنگ اور اکساہٹ والی دیگر کارروائیوں سے قطع نظر اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے جنگ کا متبادل نہیں چنا تھا کیوں کہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔ جموں کشمیر کو وسطی ایشیا کا اقتصادی گہوارہ بنانے کے لئے مزید آر پار پوائنٹ کھولے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پڑوسی نہیں بدل سکتے۔ ریاست میں دائمی امن کے قیام اور عوام کے بہتری کیلئے پڑوسی ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سابق وزیر اعظم اٹل بہار ی واجپائی اور اس وقت کے صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف کے اس معاہدہ کا احترام کرنا چاہئے جس میں موخر الذکر نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین پر تشدد آمیز اور ہندوستان مخالف کارروائیوں کی اجازت نہیں دیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں آزاد کشمیر کے مہاجرین کے لئے حال ہی میں جاری کئے گئے پیکیج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یاد دلایا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان ہونے والے اس معاہدہ کے نتیجہ میں نہ صرف جموں کشمیر میں ملی ٹینسی میں کمی واقع ہوئی تھی بلکہ بات چیت کا سلسلہ بھی شروع ہوا تھا لیکن بدقسمتی سے یہ زیادہ دیر تک نہ چل سکا۔

ای پیپر-دی نیشن