لاہور: لاکھوں کی وارداتیں، قصور میں مبینہ پولیس مقابلہ ،ڈاکو ہلاک
لاہور (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر مال لوٹ لیا گیا جبکہ ڈاکوئوں نے سنی تحریک کے صدر پر تشدد کیا اور لوٹنے کی کوشش کی۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے غازی آباد کے علاقہ میںصلاح الدین کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر8لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، اقبال ٹائون کے علاقہ میں راحیل کی فیملی سے 5 لاکھ روپے مالیت، مانگا منڈی کے علاقہ میں فرقان اور اس کی فیملی سے 4لاکھ روپے مالیت، لٹن روڈ کے علاقہ میں مقصود اور اس کی فیملی سے2لاکھ 20ہزار روپے کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون، ماڈل ٹائون کے علا قہ میں وقا ص سے 2 لاکھ روپے، کاہنہ کے علا قہ میں عمیر سے 70ہزار روپے اور موبائل فون، مسلم ٹائون میں شہباز سے 60ہزار روپے اور موبائل فون، ٹائون شپ میں فیصل سے 40ہزار روپے اور موبائل فون سبزہ زار میں وحید سے 30ہزار روپے اور موبائل فون، سا ندہ میںمد ثر سے 25ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے شیراکوٹ سے ادریس، نشتر کالونی سے نصیر کی کاریں، اقبال ٹاؤن سے حیدر کا ڈالہ جبکہ کاہنہ سے عاطف، داتا دربا سے طاہر، شادمان سے یوسف، ریس کو رس سے واحد، لٹن روڈ سے مبین، مسلم ٹا ؤن سے ناصر، ملت پارک سے مجید،گلشن راوی سے متین، ماڈل ٹائون سے ندیم کی موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ علاوہ ازیں جوہر ٹائون کے علاقہ میں سنی تحریک کے صدر کو موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے لوٹنے کی کوشش کی مگر فوجی گاڑی آنے پر موقع سے فرار ہوگئے۔ سنی تحریک کے صدر سردار احمد طاہر ڈوگر کو زخمی حالت میں جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ سنی تحریک کے صدر سردار احمد طاہر ڈوگر جوہرٹائون کے علاقے سے گزر رہے تھے کہ موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے انہیں روک کر تشدد کا نشانہ بنارہے تھے کہ اسی اثنا میں پیچھے سے ایک فوجی گاڑی کو آتا دیکھ کر موقع سے فرار ہوگئے۔
کھڈیاں خاص (نامہ نگار) 35 سے زائد سنگین وارداتوں میں مطلوب اشتہاری ڈاکو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک دو فرار ہوگئے۔ اشتہاری ڈاکو سلیم عرف لڈو کیلو دیپالپور روڈ سے موٹر سائیکل چھین کر کھڈیاں کی طرف آرہا تھا کہ کھڈیاںؒ پھاٹک پر پولیس ناکہ دیکھ کر ڈاکوئوں نے فائرنگ شروع کردی۔ پولیس ذرائع کے مطابق جوابی کارروائی میں وہ خود ہلاک جبکہ اسکے دو ساتھی فرار ہوگئے۔