• news

نیوز لیک سکینڈل‘ کمیٹی کی رپورٹ 19 دسمبر کو پیش کی جائے: لاہور ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے جسٹس (ریٹائرڈ) عامر رضا خان کی سربراہی میں نیوز لیک سکینڈل کی تحقیقات کرنیوالی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ 19 دسمبر کو طلب کرلی ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے پیپلز پارٹی کے الیاس خان ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی طرف سے بابر اعوان ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ نیوز لیک سکینڈل کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی کمیٹی غیرقانونی ہے۔ کمیٹی کے ارکان کی اکثریت کا تعلق پنجاب سے ہے۔ اسکے کوئی ٹی او آر نہیں بنائے گئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت اس معاملے کو دبانا چاہتی ہے اسلئے کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن غیرقانونی قرار دیا جائے۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کمیٹی نے انکوائری مکمل کرلی ہے۔ اس سطح پر کمیٹی کی تشکیل غیرقانونی نہیں قرار دی جا سکتی جس پر فاضل عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کو ہدایت کی کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ 19 دسمبر کو عدالت میں پیش کی جائے۔ صباح نیوز کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا وفاقی حکومت نیوز سکینڈل کے معاملہ میں ذمہ دار افراد کو بچانے کی کوشش کررہی ہے اسی لئے انکوائری رپورٹ کو بھی چھپایا جا رہا ہے۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا انکوائری مکمل ہو چکی ہے آئندہ چند روز میں انکوائری کو عام کردیا جائیگا۔ چیف جسٹس نے انکوائری کی رپورٹ 19 دسمبر کو پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اس معاملہ پر جواب بھی داخل کرائے۔

ای پیپر-دی نیشن