• news

گوجرانوالہ :دیرینہ دشمنی پر مخالفین کی فائرنگ سے ماں بیٹے سمیت 3 افراد قتل

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کرکے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے کو رشتہ دار سمیت قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق حفیظ اللہ اسکی والدہ عابدہ اور رشتے دار نذیر موٹرسائیکل پر جارہے تھے کشمیر روڈ پر ان کے مخالف گروپ نے اچانک اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کی زد میں آکر حفیظ اللہ اس کی والدہ عابدہ اور رشتہ دار نذیر جان کی بازی ہار گئے۔ بتایا گیا ہے 1990 میں کبوتر چوری کی پنچائت سے شروع ہونیوالی دشمنی دونوں خاندانوں کے متعدد افراد کو نگل چکی ہے کشمیر روڈ پر چٹھہ گروپ کے قتل ہونیوالے تینوں افراد ورپال چٹھہ کے رہائشی ہیں جنہوں نے چند ماہ قبل پیپلز کالونی میں رہائش اختیار کی تھی۔ ملزمان کے ساتھیوں نے 11 ماہ قبل اپنے مخالف ایس ڈی او گیپکو جاوید چٹھہ کو قتل کرنے کیلئے جی ٹی روڈ پر اسکے زیر استعمال سرکاری گاڑی پر فائرنگ کی تھی اس واقعہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر سرویلنس اینڈ انویسٹی گیشن ایکسین مظہر نواب قتل ہوئے تھے۔ پیپلز کالونی پولیس نے کشمیر روڈ پر قتل ہونیوالے ماں بیٹے سمیت تین افراد کی نعشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق تینوں افراد کا قتل اسی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن