• news

مسئلہ کشمیر، بھارتی جارحیت، سندھ اسمبلی کے متنازعہ بل کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں پاکستان میں فرقہ واریت، لسانیت اور صوبائیت پرستی پروان چڑھانے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ 16دسمبر کو ناصر باغ ہونے والی کانفرنس تاریخی نوعیت کی ہو گی۔ ملک بھر کی سیاسی، مذہبی و کشمیری قیادت متفقہ طور پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ مسئلہ کشمیر، بھارتی جارحیت اور سندھ اسمبلی کے متنازعہ بل کیخلاف ملک گیر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ تقسیم ہند کے موقع پر حیدرآباد دکن ، جونا گڑھ اور دیگر مسلم اکثریتی ریاستوں نے بھی لاالہ الااللہ کی خاطر پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا تھا مگر انگریز اور ہندو کے گٹھ جوڑ کے نتیجہ میں یہ علاقے پاکستان کے ساتھ شامل نہ ہو سکے۔ آج کشمیر ی مسلمان بھی اسی کلمہ کیلئے پاکستان سے ملنا چاہتے ہیں لیکن بھارت سرکار کی جانب سے ان پر بے پناہ مظالم ڈھائے جارہے ہیں لیکن کشمیریوں کی قربانیاںکسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ 1971ء میں بھارت نے پاکستان پر فوج کشی کی ، مکتی باہنی کو کھڑا کیا اور وطن عزیز کے ایک حصہ کو الگ کر دیا گیا۔ امریکہ و یورپ اور دیگر ملکوں کے فیصلے کرنے والی سلامتی کونسل سارا منظر دیکھتے رہی لیکن بھارتی دہشت گردی کو روکنے کی کوشش نہیں کی گئی۔ انہوںنے کہاکہ بھارت بلوچستان، سندھ اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی کی آگ بھڑکار ہا ہے اور مشرقی پاکستان والا کھیل کھیلنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انڈیا کو یا د رکھنا چاہیے کہ یہ 1971ء والا پاکستان نہیں ہے۔ پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ مل کر ازلی دشمن بھارت کو ناکوں چنے چبوانے کیلئے تیار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن