• news

دھندھ برقرار حادثات میں کمسن طالب علم سمیت مزید 5 افراد چل بسے

لاہور/ اسلام آباد/ سکردو (سپورٹس رپورٹر+ کامرس رپورٹر+ نامہ نگاران) ملک کے بیشتر حصوں میں سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ برقرار ہے۔ دھند کے باعث پنجاب میں موٹر وے کے مختلف سیکشنز بند رہے،پروازوں کا شیڈول متاثر اور ٹرینوں کی آمدرورفت بھی تاخیر کا شکار رہی جبکہ حادثات میںکمسن طالبعلم سمیت 5 افراد جاںبحق اور کئی افراد زخمی ہوگئے۔ صوبے کے بیشتر علاقوں میں دھند کا راج مسلسل جاری ہے۔ لاہور میں مو ٹروے ایم 3 فیصل آباد سے پنڈ ی بھٹیا ں تک، مو ٹروے ایم 4 گوجرہ سے فیصل آباد جبکہ موٹروے ایم 2 لاہورسے شدید دھند کی وجہ سے بند کر دیا گیا جبکہ کئی مقامات پرحدِ نگاہ صفرہو گیا۔ دھند کی وجہ سے لاہور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل رہا اور دیگر شہروں میں بھی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا جبکہ ٹرینوں کی آمدرورفت بھی تاخیر کا شکار رہی۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈونگہ بونگہ میں بھی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرانے سے صغیر احمد جاں بحق جبکہ اس کے بھائی سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔ چشتیاں سے نامہ نگار کے مطابق شوگر ملز روڈ پر سخت دھند کے دوران تیز رفتار موٹر سائیکل ٹریکٹر سے ٹکرا جانے کے نتیجہ میں 16 سالہ جواں سال لڑکا محمد کاشف جاں بحق ہوگیا۔ پتوکی سے نامہ نگار اور نمائندہ خصوصی کے مطابق نواحی علاقہ گگہ چک 29 سے بچوں کو لے کر رکشہ حبیب آباد سکول چھوڑنے جارہا تھا کہ ٹول پلازہ کے قریب سوئی گیس کے کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں رکشہ ڈرائیور آصف اور 8 سالہ عاصم جوکہ 4 کلاس کا طالب علم تھا، موقع پر جاں بحق ہوگئے اور 10 بچے زخمی ہوگئے جن میں عمر فاروق، فہیمہ، ارشاد، صالح، فضا، فہیم، حبیبہ، زارا، لطیف، عائشہ، علیزہ اور حزیمہ شامل ہیں۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق پرانا لا ری اڈا پر حادثے میں مدرسہ کا طالبعلم 18 ڈبلیو بی کا رہا ئشی 14 سالہ مزمل ٹریکٹر ٹرالی کے نیچے آکر جاں بحق ہو گیا۔ علاوہ ازیں دھند کی وجہ سے لاہور سمیت کئی شہروں میں نظام زندگی مفلوج رہا۔ صبح کے وقت بچوں کو سکول جانے اور لوگوں کو دفاتر جانے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ محکمہ موسمیات کی اتوار اپور پیر کو پنجاب میں بارش کی پیشنگوئی غلط ثابت ہوئی محکمہ موسمیات نے دھند کی شدت میں اضافہ اور مزید ایک ہفتہ جاری رہنے کا اعلان کیا ہے۔ لیسکواور دیگر ڈسکوز سمیت نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کا سسٹم بھی شدید متاثر ہوا لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کے درجنوں گرڈ ٹرپ کر گئے۔ حد نگاہ صفر رہ جانے پر موٹر ویز بند کر دیں گئیں۔ لاہور اور ملتان ائیر پورٹ بھی بند کر دیئے گئے۔ درجنوں ملکی اور غیر ملکی پروازوں کو سیالکوٹ یا کراچی اتارا گیا جس سے مسافروں کو شدید مشکلات پیش آئیں۔ بجلی بند ہونے سے واسا کے یٹوب ویل بھی نہ چل سکے اور شہر میں پانی کی بھی قلت ہو گئی۔ دوسری جانب رات تین بجے کے قریب حد نگاہ کم ہو کر صفر رہ جانے پر لاہور ائیر پورٹ کو بند کر دیا گیا۔ لاہور سے جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ دھند کے باعث لیسکو کے 32 گرڈ سٹیشن ٹرپ کرگئے جس کے باعث لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔

ای پیپر-دی نیشن