بلاول بھٹو خود وزیر اعظم اور والد کو صدر بنانا چاہتے ہیں‘پھوپھی کو بھی کوئی عہدہ دے دیں : رانا تنویر
لاہور(خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیر دفاعی پیداوار،سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان انتخابات تک یو ٹرن کی سنچری کر لیں گے ،پیپلز پارٹی کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ، بلاول خود وزیر اعظم اور والد کو صدر بنانا چاہتے ہیں ، پھوپھی کو بھی کوئی عہدہ دیدیں۔ نجی یونیورسٹی کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر نے کہا پیپلز پارٹی کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔اس کی طرف سے اپنی سیاسی بقاء کے لئے بیانات دئیے جاتے ہیں۔ بلاول بھٹو خود وزیر اعظم اور اپنے والد کو صدر بنانا چاہتے ہیں۔ پھوپھی کو بھی کوئی عہدہ دے دیں ۔انہوںنے کہا اپوزیشن کو پتہ ہے پانامہ کیس میں کچھ نہیں ہے۔ سیاسی ایشو کے طور پر اپوزیشن پانامہ لیکس کو زندہ رکھنا چاہتی ہے ۔عمران اکھڑ پن میں فیصلے کرتے ہیں اور انتخابات تک یوٹرن کی سنچری کر لیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان بھارت سرحدوں پر کشیدگی پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔ طاہر القادری سرحدوں کی کشیدگی پر خرافات بول رہے ہیں۔ انہیں سیاست سے دور رہنا چاہیے۔ ہر سیاستدان کو محب وطن ہونا چاہیے۔