مطالبات کے حق میں اساتذہ اور کلرکوں کے مظاہرے، دھرنے
لاہور (وقائع نگار خصوصی + سٹاف رپورٹر) محکمہ پراسیکیوشن پنجاب کے کلرکوں نے محکمانہ اپ گریڈیشن اور تنخواہوں میں اضافہ کیلئے قلم چھوڑ ہڑتال کر دی اور دھرنا دیا۔ جبکہ پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچرار ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور دھرنا دیا گیا۔ گزشتہ روزپراسیکیوشن پنجاب کے کلرکوں نے اپنے مطالبات کے حق میں دفتر کے باہر احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ ملازمین نے کہا ہے کہ وزیر اعلی نے وعدہ کیا لیکن اپ گریڈیشن نہیں کی گئی۔ جب تک مطالبات پورے نہیں ہوں گے قلم چھوڑ ہڑتال رہے گی۔ مظاہرین نے دھمکی دی کہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو وزیراعلیٰ ہاوس کا گھیراؤ کریں گے۔ علاوہ ازیں پنجاب پروفیسر اینڈ لیکچرار ایسوسی ایشن کی جانب سے مطالبات کے حق میں ایم اے او کالج سے سول سیکرٹریٹ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور سیکرٹریٹ کے باہر دھرنا دیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پروفیسرز اینڈ لیکچرارز نے پروموشن کے حوالے سے ٹائم سکیل متعین کرنے، واپس لئے گئے الائونس بحال کرنے سمیت مختلف مطالبات کی منظوری کا مطالبہ کیا 2گھنٹے تک جاری رہنے والے اس دھرنا کے بعد ہائیر ایجوکیشن کے افسروں نے مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کرائی جس پر ایسوسی ایشن کی جانب سے منظوری کے لئے 15دن کا وقت دیا گیا احتجاج اور دھرنے کے باعث ٹریفک جام ہو گئی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔