وزیراعظم کا خطاب میں اعلیٰ عدلیہ سے اظہار لاتعلقی جمہوریت پر بدنما داغ ہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے بائیکاٹ کو ختم کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا قوم سے خطاب اور قومی اسمبلی میں تقاریر سے اعلیٰ عدلیہ میں لاتعلقی کا اظہار پارلیمانی جمہوریت کی تاریخ پر بدنما داغ ہے جس سے قومی اسمبلی کا استحقاق بھی مجروح ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پارلیمانی جمہوریت کے بجائے خاندانی جمہوریت کا راج ہے ،اسے بدلنے کیلئے سیاسی جماعتوں کو بدلنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا پارلیمنٹ میں واپس آنا مثبت اقدام ہے۔ حکمرانوں کے احتساب کیلئے اپوزیشن کو اکٹھے ہوناچاہئے۔سراج الحق نے واضح کیا کہ معاملہ پانامہ لیکس پر کمیشن بننے یا نہ بننے کا نہیں بلکہ فوری اورسرعام احتساب کا ہے ،جس کیلئے اپوزیشن کو متحد ہوکر لائحہ عمل بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آف شور کمپنیوں کا حساب نہ لیا گیا تو یہ سانحہ سقوط ڈھاکہ بن جائے گا۔