• news

کرم تنگی ڈیم امریکہ ساڑھے آٹھ ارب روپے دیگا

لاہور+ اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ ایجنسیاں) جنوبی وزیرستان میں کرم تنگی ڈیم کی تعمیر کیلئے واپڈا اور یو ایس ایڈ کے درمیان معاہدہ پر دستخط ہوگئے ہیں‘ جس کے تحت یو ایس ایڈ کرم تنگی ڈیم منصوبے کیلئے 8کروڑ 10لاکھ ڈالر (قریباً ساڑھے آٹھ ارب روپے) فراہم کرے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے 16ہزار ایکٹر اراضی سیراب ہوگی۔ معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا کہ حکومت پن بجلی کے ذرائع پر زیادہ انحصار کر رہی ہے، پن بجلی منصوبوں سے صارفین کو مہنگی بجلی سے نجات ملے گی ،کرم تنگی ڈیم کی تعمیر سے وزیرستان میں انقلاب آئے گا ، ڈیم پر امریکی معاونت خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کیلئے اہم سنگ میل ہے، منصوبے کی تکمیل سے جنوبی وزیر ستان اور فاٹا کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں مدد ملے گی، وزیرستان میں ترقیاتی منصوبوں سے ان علاقوں میں عسکریت پسندی کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی، امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانا اقتصادی ترقی کی رفتار میں تیزی کیلئے ضروری ہے، پاکستان امریکہ تعلقات اور تعاون کی تاریخی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت پاکستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین اور یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر جان گروکے نے معاہدے پر دستخط کئے۔ تقریب میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے بھی شرکت کی۔ منصوبے کی تکمیل سے 16ہزار ایکٹر اراضی سیراب ہوگی اور 18میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی یو ایس ایڈ توانائی کے شعبے پر 53 ارب دس کروڑ روپے کی مجموعی سرمایہ کاری کرچکا ہے۔ یو ایس ایڈ کی معاونت سے دو ہزار چار سو دس میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوئی ہے۔ ایک ہزار تیرہ میگا واٹ کے نئے اور ایک ہزار 44 میگا واٹ کے منصوبوں کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔ چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے کہا کہ یو ایس ایڈ کی معاونت سے سدپارہ ڈیم، منگلا توسیعی منصوبے سمیت کئی منصوبوں پر کام کیا،کرم تنگی ڈیم منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہو گا، کرم تنگی ڈیم زرعی مقاصد کے حصول اور اقتصادی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم منصوبہ ہے،دور دراز کے علاقوں میں ترقی کے حوالے سے امریکی حکومت اور یو ایس ایڈ کی معاونت قابل تحسین ہے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ یو ایس ایڈ کے تعاون سے توانائی صحت اور دیگر شعبوں میں منصوبوں پر کام جاری ہے، کرم تنگی ڈیم کی تعمیر سے شمالی وزیرستان میں انقلاب آئے گا ،کرم تنگی ڈیم پر امریکی معاونت خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے،منصوبے کی تکمیل سے جنوبی وزیر ستان اور فاٹا کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں مدد ملے گی،کرم تنگی ڈیم کی تعمیر سے مقامی لوگوں کو زراعت کے حوالے سے بہتر مواقع ملیں گے۔ حکومت کئی پانی کے منصوبوں پر بیک وقت کام کر رہی ہے جس میںبھاشا دیامر، داسو اور کرم تنگی سمیت کئی منصوبے شامل ہیں، پن بجلی کی پیداوار میں اضافے سے تھرمل بجلی پر انحصار کم ہو گا اور سستی بجلی میسرہوگی۔ وزیرستان میں ترقیاتی منصوبوں سے ان علاقوں میں عسکریت پسندی کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانا اقتصادی ترقی کی رفتار میں تیزی کیلئے ضروری ہے، 2014ء میں عالمی بینک نے پاکستان کی ترقی میں توانائی بحران کو رکاوٹ قرارا دیا تھا۔ پاک امریکہ تعلقات اور تعاون کی تاریخی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت پاکستان کو ہرممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں، پاور سیکٹر میں امریکی معاونت سے 2400 میگاواٹ سے زائد بجلی سسٹم میں آئے گی۔

ای پیپر-دی نیشن