افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کیساتھ رابطے میں ہیں:چین
بیجنگ (آئی این پی) چین افغانستان میں امن کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہے ، چین پاکستان اور روس کا افغانستان کے بارے میں 27دسمبر کو ماسکو میں مشاورتی اجلاس ہو گا ، دونوں ممالک ترقی کیلئے اپنی شراکت دار ی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنے مقاصد حاصل کرنے کی جانب پیش قدمی کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے نیوز بریفنگ کے دوران کیا ۔چین اور بھارت کے تعلقات کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دو بڑے ملکوں کے درمیان جو قریبی ہمسائے بھی ہیں ، بعض مسائل پر اختلاف معمولی بات ہے لیکن دوطرفہ تعلقات کا بنیادی مقصد دوستی اور تعاون ہے جبکہ اختلافات ثانوی حیثیت رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فریقین متعلقہ مسائل پر ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں اور چین ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کرنا پسند کرے گا ، دونوں ملکوں کے رہنما باہمی تعاون کو فر وغ دینے ، اپنے اختلافات مناسب انداز میں حل کرنے اور دوطر فہ تعلقات کو تیزی سے فروغ دینے اور پائیدار بنانے پر یقین رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک ایٹمی کلب کا ممبر بننے کے بارے میں بھارتی درخواست کا تعلق ہے یہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی 1267کمیٹی کی فہرست پر ہے اور چین کا موقف اس سلسلے میں واضح ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ جب ہم انسانی حقوق کے تحفظ کی بات کرتے ہیں تو اس کے لئے ایک پیمانہ نہیں ہے ، ہر ملک کو انسانی حقوق کا ریکارڈ اپنے قومی روایات اور عوامی ضروریات کے مطابق بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔