پاکستان، اومان کی مشترکہ بحری مشقیں اختتام پذیر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستانی اور اومان کی شاہی بحریہ کے مابین شمالی بحیرہ عرب میں ہونے والی مشقیں ثمر الطیب اختتام پذیر ہو گئیں۔ رائل نیوی کے ٹاسک گروپ میں شامل دو بحری جہازوں السعد اور البشریٰ نے پاکستان نیوی کے جنگی جہازوں کے ساتھ مشترکہ بحری مشقوںمیں حصہ لیا۔مشترکہ بحری مشقوں میں مختلف آپریشنل نوعیت کی مشقیں کی گئیں جن میں سمندری جنگ کے بیشتر پہلوﺅں کو مد نظر رکھا گیا۔ ان مشقوں میں انسداد دہشت گردی، بحری قذاقی کے انسداد، سطح آب اور زیر آب خطرات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کوبہتر بنانے کی مشقیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہمہ پہلو خطرات کے ماحول میں جہازوں پر نصب ہتھیاروں کی آزمائشی فائرنگ بھی کی گئی۔ ثمر الطیب 16کی حالیہ مشقیں اس سلسلے کی آٹھویں مشقیں ہیں جن میں پاک بحریہ کے تباہ کن بحری جہازوں، فریگیٹس، میزائل بوٹس اور فضائی اثاثوںنے بھی حصہ لیا۔کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے مشقوں کے انعقاد اور حصہ لینے والے بحری اثاثوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ثمر الطیب 16 میں بھرپور شرکت پر رائل اومانی بحریہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ثمر الطیب 16 میں رائل اومانی بحریہ کے یونٹس کی شرکت سے نہ صرف دونوں ممالک کے مابین کئی دہائیوں پر محیط دوستانہ اور پیشہ ورانہ تعلقات کی مضبوط بنیاد کی عکاسی ہوتی ہے بلکہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے تعاون کی یقین دہانی ہوتی ہے۔
مشترکہ مشقیں