خطیب کا تنازع، مخالف عالم دین کیخلاف ریلوے پٹڑی چوری کا مقدمہ، ملزم کو برین ہیمرج
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) مسجد میں خطیب کے معاملے پر ہونے والے تنازع کے باعث عالم دین کے خلاف محکمہ ریلوے کی پٹڑی چوری کا مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے۔ مقدمہ کی وجہ سے ملزم کو برین ہیمرج ہو گیا اور اسے سہارا دے کر خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ سروے کالونی علامہ اقبال روڈ میں واقع مسجد میں پانچ برس قبل وہاں کے رہائشی ریلوے کے ملازمین میں فرقہ واریت پر بحث ہوئی۔ ایک مسلک کے گروہ نے کہا کہ مسجد میں ان کا خطیب رکھا جائے گا دوسرے نے اپنا خطیب رکھنے کی ضد کی جس پر معاملہ طویل ہو گیا۔ بات لڑائی جھگڑے تک پہنچ گئی۔ مسجد کو تالا لگا دیا گیا ایک برس سے زائد عرصہ تک مسجد سیل رہی۔ اس کے بعد معززین علاقہ نے دونوں فرقوں کے افراد پر مشتمل کمیٹی بنا دی۔ طے یہ ہوا کہ ایک موذن ایک طرقے کا اور امام دوسرے فرقے کا ہ گا۔ اسی دوران ایک فرقے کی جانب سے راشد یونس کی مدعیت میں دوسرے فرقے کے ریلوے افسر صابر خان کے خلاف ریلوے کی پٹڑی چوری کا مقدمہ درج کرا دیا گیا جس کی وجہ سے ملزم صابرخان کو برین ہیمرج ہو گیا اس کی دونوں آنکھوں کی بینائی بھی چلی گئی۔ ملزم نے سپیشل جج سنٹرل ون کی عدالت سے ضمانت کرائی اور پانچ برس سے تاریخیں بھگت رہا ہے۔ گذشتہ روز ملزم کو سہارا دے کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ فاضل عدالت نے حکم دیا کہ ملزم متعدد تاریخوں پر غیرحاضر رہا اس لیے ملزم ضمانت کے لیے نئے مچلکے جمع کرائے۔ فاضل عدالت نے سماعت 7 جنوری تک ملتوی کر دی۔
عالم دین/ مقدمہ