• news

سی پیک کی حمایت‘ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں: روسی سفیر

اسلام آباد (صباح نیوز) روس نے کہا ہے کہ وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بھرپور حمایت کرتا ہے جو پاکستان کی معیشت اور علاقائی روابط کیلئے ناگزیر ہے۔یہ بات پاکستان میں روس کے سفیر الیگزے وائے ڈیڈوو نے ایک انٹرویو میں کہی۔انہوںنے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری چین کی شاہراہ ریشم کا حصہ ہے اور ان کاملک بھی اسی طرح کے یورپ ایشیا اقتصادی اتحاد پر کام کررہا ہے جبکہ چین اور روس ان دونوں منصوبوں کوضم کرنے پر بھی بات چیت کررہے ہیں۔حکومت پاکستان کے شمال جنوب گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق روسی سفیر نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ اس منصوبے پر جلد ازجلد عملدرآمد ہو۔سفیر نے کہاکہ دونوں ملک مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کررہے ہیں تاہم دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے کی ضرورت ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان ایم آئی35 گن شپ ہیلی کاپٹر وں کے معاہدے سے متعلق کہاکہ معاہدے پر دستخط پہلے ہی ہوچکے ہیں اور ا ب متعلقہ حکام اس مقصد کیلئے نظام الاوقات طے کررہے ہیں۔ ان کا ملک پاکستان اور بھارت کے درمیان جموںوکشمیر سمیت تمام مسائل کا پرامن حل چاہتا ہے۔ پاکستان اور روس افغانستان میں امن کی بحالی کی کوششوں میں بھی قریبی تعاون کررہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن