پاک بحریہ کے کموڈور زبیر شفیق اور محمد شفیق کو رئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے کموڈور محمد زبیر شفیق اور کموڈور محمد شفیق کو رئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ رئر ایڈمرل محمد زبیر شفیق نے 1988ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی اکیڈمی میں کیپٹن ٹریننگ، یو ایس نیو سینٹ بحرین میں ڈائریکٹر آپریشنز اینالیسز سیل، کمانڈر پاکستان فلیٹ کے چیف سٹاف آفیسر اور نیول ہیڈکوارٹرز میں اسسٹنٹ چیف آف نیول سٹاف (آپریشنز) جیسے سٹاف عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں۔ اس وقت وہ نیول ہیڈکوارٹرز میں اسسٹنٹ چیف آف نیول سٹاف (سپیشل وار فیئر اینڈ میرنز) کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ رئر ایڈمرل محمد شفیق نے1988ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمشن حاصل کیا۔ ان کی اہم سٹاف تقرریوں میں ہیڈکوارٹرز کمانڈر سب میرین میں سینئر سٹاف آفیسر اور نیول ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر پراجیکٹس پلانز کی تقرریاں شامل ہیں۔ اس وقت وہ نیول ہیڈکوارٹرز میں ڈپٹی چیف پراجیکٹ ڈائریکٹر (پلانز) کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔